بھارت نے اپنے ملک میں ہونیوالے ایونٹس کےلئے”ہائبرڈ ماڈل“مسترد کردیا
نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیمپیئنز ٹرافی کے معاملے پر ہائبرڈ ماڈل کی ضد کرنے والے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنے ملک میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس کےلئے ہائبرڈ فارمولا ماننے سے انکار کردیا۔
دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے 2031 تک بھارت میں شیڈول تمام آئی سی سی ایونٹس کےلئے ہائبرڈ ماڈل ہی اپنانے کا فارمولا پیش کیا تھا کہ اگر چیمپیئنز ٹرافی کےلئے ہندوستانی ٹیم پاکستان نہیں آتی تو پھر گرین شرٹس بھی بھارت کا رخ نہیں کریں گے کیونکہ سکیورٹی مسائل کی وجہ سے حکومت اجازت نہیں دے گی۔
تاہم اب بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) نے موقف اپنایا ہے کہ بھارت میں سکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، اس لئے کوئی بھی ایونٹ ہائبرڈ ماڈل پر نہیں ہوگا۔
قبل ازیں بھارت کے علاوہ آئی سی سی کے وفد پاکستان میں سکیورٹی اور سٹیڈیمز کی تعمیرات کا جائزہ لے کر جاچکے ہیں لیکن کوئی اعتراض نہیں اٹھایا تاہم بھارت نے سکیورٹی کا بہانہ بناکر پاکستان آنے سے انکار کردیا۔
خیال رہے کہ آئی سی سی کے تحت ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2025، ٹی20 ورلڈ کپ 2026 اور 2029 کی چیمپیئنز ٹرافی کے علاوہ 2031 کا ون ڈے ورلڈکپ بھی بھارت میں ہی شیڈول ہے۔
رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ چیمپئینز ٹرافی کے معاملے پرآئی سی سی بورڈ آئندہ چند دنوں میں دوبارہ اجلاس طلب کرے گا۔