پاک سعودی تجارتی معاہدے حقیقت کا روپ دھار رہے ہیں: عطا تارڑ
اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاک سعودی تجارتی معاہدے حقیقت کا روپ دھار رہے ہیں۔
اسلام آباد میں اپنے ایک بیان میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں،وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوئی، دونوں رہنماوں کے درمیان 6 ماہ میں یہ پانچویں ملاقات تھی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے حقیقت کا روپ دھار رہے ہیں، سرمایہ کاری کا فروغ اور معاشی تعاون میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم کی قیادت میں فارن پالیسی کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف اورشہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات بہت اہم رہی ہے، وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب سنگ میل ثابت ہوگا۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ موثرپالیسیوں سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، مہنگائی 6سال کی کم ترین سطح پر ہے، سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔