اسرائیل کے ساتھ جنگ میں کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟ لبنان نے دل دہلا دینے والے اعداد و شمار جاری کردیئے
بیروت (ڈیلی پاکستان آن لائن) لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان 1 سال سے زیادہ عرصے تک جاری رہنے والی جنگ میں ہلاکتوں کی تعداد 4ہزار 47 تک پہنچ گئی ہے، جن میں سے زیادہ تر افراد ستمبر میں شدت اختیار کرنے والے حملوں کے دوران جاں بحق ہوئے۔
العربیہ کے مطابق لبنان کے وزیر صحت فیراس ابیض نے صحافیوں کو بتایا کہ اب تک ہم نے 4 ہزار 47 اموات اور 16 ہزار 638 زخمیوں کو ریکارڈ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر ہلاکتیں 15 ستمبر کے بعد ہوئی ہیں، ہمیں یقین ہے کہ اصل تعداد اس سے زیادہ ہو سکتی ہے، کیونکہ کچھ اموات ریکارڈ نہیں کی گئیں۔ ابیض نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 316 بچے اور 790 خواتین شامل ہیں۔
حزب اللہ کے قریبی ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ گروپ کے سیکڑوں جنگجو مارے گئے ہیں، تاہم انہوں نے درست تعداد فراہم نہیں کی۔ خیال رہے کہ اس وقت حزب اللہ اور اسرائیل میں جنگ بندی نافذ ہے۔