بھارت: گولڈن ٹیمپل میں سکھ تنظیم اکالی دل کے رہنما سکھبیر سنگھ بادل پر فائرنگ
امرتسر(ڈیلی پاکستان آن لائن )سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل میں سکھ تنظیم اکالی دل کے رہنما سکھبیر سنگھ بادل پر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں وہ بال بال بچ گئے۔
دربار صاحب کے سامنے سکھبیر سنگھ پر فائرنگ کرنے والے ملزم کو وہاں موجود لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا، ملزم کی شناخت نارائن سنگھ چوڑا کے نام سے ہوئی ہے۔
62 سالہ سکھبیر سنگھ بادل سکھ رہنماوں کی جانب سے دی گئی سزا کے طور پر گولڈن ٹیمپل کے داخلی دروازے پر نیزہ لئے بیٹھے تھے۔
سکھبیر سنگھ 2009 سے 2017 تک بھارتی پنجاب کے نائب وزیر اعلیٰ رہے اور اس دوران ان کی جماعت کی جانب سے کی جانے والی غلطیوں کے اعتراف میں سکھ رہنماو¿ں کی جانب سے انہیں سیوادار کے طور پر گولڈن ٹیپمل میں زائرین کے جوتے صاف کرنے، برتن دھونے اور دیگر امور انجام دینے کی سزا دی گئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نارائن سنگھ چوڑا نے ایک گولی چلائی جو سکھبیر سنگھ کو لگنے کے بجائے گولڈن ٹیمپل کے ستون پر لگی۔
پولیس کے مطابق ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور حملے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔