پی ٹی آئی کا گورنر خیبر پختونخوا کی اے پی سی میں عدم شرکت کا اعلان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے گورنر خیبر پختونخوا کی طلب کردہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں عدم شرکت کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی نمائندگی تحریک انصاف کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا کی طلب کردہ اے پی سی میں عدم شرکت کا فیصلہ نہتے اور پرامن شہریوں کے قتل عام میں خاموش سہولت کاری پر کیا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ فیصلہ سیاسی اجرت کے عوض قاتلوں کی ہمنوائی کے پیشِ نظر کیا، پی ٹی آئی پر پابندی کے مذموم حکومتی ایجنڈے کی پیپلز پارٹی سرگرم پشت پناہ ہے۔
ا±ن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے بلوچستان اسمبلی سے پابندی کی قرارداد منظوری میں کردار ادا کیا، سندھ میں پی پی ہمارے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ اور ہراسانی میں مصروف ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی بے جان نمائشی مجالس کرکے اپنی جمہوریت نوازی کا تاثر دینا چاہتی ہے، پی پی کا خیبر پختونخوا میں کوئی مینڈیٹ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی نمائندگی پی ٹی آئی کے پاس ہے، گورنر کسی معاملے پر سنجیدہ رائے کے پی حکومت کو بھجوائیں تو غور کریں گے۔