میں نے ایم ایس دھونی سے پچھلے 10 برسوں سے بات نہیں کی، ہر بھجن سنگھ کا انکشاف
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق بھارتی آف سپنر ہربھجن سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونے سے پچھلے 10 برسوں سے بات نہیں کی ہے۔"اے آر وائی نیوز" کے مطابق جارح مزاج آف سپنر نے کہا کہ میں دھونی سے بات نہیں کرتا، جب میں چنئی سپرکنگز کےلیے کھیلتا تھا تو ہم میں بس میچ کی حد تک باتیں ہوجاتی تھیں اور یہ گفتگو بس گراؤنڈ کی حد تک ہی ہوتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بات کیے ہوئے 10 سال یا شاید اس سے بھی زیادہ کا عرصہ ہوچکا ہے، میری پاس اس کی کوئی وجہ نہیں ہے شاید دھونی یہ جانتے ہوں۔مجھے ان سے کوئی شکایت نہیں ہے، ہاں اگر ان کے پاس کچھ کہنے کو ہے تو وہ مجھے کہہ سکتے ہیں، میں نے کبھی دھونی کو کال کرنے کی کوشش نہیں کی، میں صرف انہی کو کال کرتا ہوں جو میرے کال ریسیو کرتے ہیں۔2015 میں ساؤتھ افریقہ کے خلاف ون ڈے میچ کے بعد سے دھونی اور ہربھجن سنگھ نے کبھی کوئی میچ ساتھ نہیں کھیلا بلکہ 2015 کے ون ڈے عالمی کپ تک خاموشی سے ہربھجن اور یووراج جیسے پلیئرز کو ٹیم سے سائیڈ لائن کردیا گیا تھا۔