وہ آسان ٹپس جن پر عمل کرکے  آپ کسی سے بھی اپنی بات منوا سکتے ہیں

وہ آسان ٹپس جن پر عمل کرکے  آپ کسی سے بھی اپنی بات منوا سکتے ہیں
وہ آسان ٹپس جن پر عمل کرکے  آپ کسی سے بھی اپنی بات منوا سکتے ہیں
سورس: Pexels

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) برطانیہ سے تعلق رکھنے والے سابق مذاکرات کار نے ایسا طریقہ بتایا ہے جس پر عمل کرکے ہم کسی بھی صورت حال میں اپنی بات آسانی کے ساتھ منواسکتے ہیں۔ ان کے بتائے ہوئے طریقے کو پروفیشنل لوگ بھی استعمال کرسکتے ہیں اور روزمرہ کی زندگی میں بھی ان اصولوں کو اپلائی کیا جاسکتا ہے۔

ڈیلی میل کے مطابق  برمنگھم کے رہائشی اور سکاٹ لینڈ یارڈ کے سابق افسر سکاٹ واکر دنیا کے ماہر ترین  مذاکرات کاروں (Hostage Negotiator) میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے اپنی 16 سالہ پولیس سروس کے دوران دہشت گردی کے خلاف آپریشنز اور 300 سے زائد یرغمالی کیسز کامیابی سے حل کیے ہیں۔

واکر نے کئی خطرناک اور پیچیدہ کیسز کو سنبھالا جن میں ایک کیس افریقی ملک میں پیش آیا۔ یہاں چھ یرغمالیوں کو بحری قزاقوں نے اغوا کر لیا تھا۔ زبان کی رکاوٹ کے باوجود سکاٹ نے یرغمالیوں کے ساتھی کی مدد سے مذاکرات کیے۔ اغواکاروں نے ابتدا میں 50 لاکھ  ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا لیکن سکاٹ نے اپنی مہارت سے اسے تین لاکھ ڈالر تک کم کر لیا۔انہوں نے بتایا کہ مذاکرات میں تاوان کی رقم کو فوراً تسلیم کرنا خطرناک ہو سکتا ہے کیونکہ اغواکار اضافی رقم کے لیے مزید لوگوں کو  بھی یرغمال بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے اس معاملے میں ثابت قدمی، حکمت اور صبر سے کام لیا تاکہ اغواکاروں کو یہ باور کرایا جا سکے کہ مزید رقم ممکن نہیں ہے۔

سکاٹ واکر کا کہنا ہے کہ کامیاب مذاکرات کے لیے سب سے اہم اصول "خود کے جذبات پر قابو" ہے۔ انہوں نے ایک تین نکاتی ایک ایسا حل پیش کیا ہے  جس سے کسی بھی تنازعے یا دباؤ کو سنبھالا جا سکتا ہے:

جذباتی بھنور کو روکنا: جب صورتحال قابو سے باہر ہونے لگے، تو خود کو وقت دیں، جیسے واک پر جانا یا گہری سانس لینا۔
جذبات کو قبول کرنا: اپنے جذبات کو دبانے کے بجائے انہیں قبول کریں لیکن ان پر زیادہ دیر نہ رکیں۔
بہتر سوالات پوچھنا: اپنے جذبات کے بجائے حقائق پر توجہ مرکوز کریں اور مثبت سوالات کریں، جیسے "اس صورتحال میں کیا موقع ہے؟"
واکر نے سننے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ کامیاب مذاکرات کار وہ ہوتے ہیں جو دوسروں کے نقطہ نظر کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا "اگر آپ سمجھ سکیں کہ دوسرا شخص کیا چاہتا ہے اور کیوں چاہتا ہے، تو آپ اپنی بات بہتر طریقے سے منوا سکتے ہیں۔"

واکر نے کہا کہ مذاکرات میں اچھی تیاری کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے "بچ آف فائیو" کا تصور پیش کیا، جس میں آپ مذاکرات کے دوران سامنے آنے والے پانچ ممکنہ چیلنجز کی پہلے سے تیاری کرتے ہیں۔ اس طرح آپ جذباتی ردعمل کے بجائے ایک منطقی اور متوازن جواب دے سکتے ہیں۔ واکر کا کہنا ہے "ہر روز ہمیں مذاکرات کے مواقع ملتے ہیں۔ اگر ہم ان چھوٹے مواقع پر مہارت حاصل کر لیں تو بڑے مسائل سے نمٹنا آسان ہو جائے گا۔"

مزید :

ڈیلی بائیٹس -