مہمند ایجنسی ،حقوق قبائل کا احتجاجی دھرنا رمضان المبارک اور شدید گرمی میں بھی جاری

مہمند ایجنسی ،حقوق قبائل کا احتجاجی دھرنا رمضان المبارک اور شدید گرمی میں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مہمند ایجنسی ( نمائندہ پاکستان ) مہمند ایجنسی، حقوق قبائل احتجاجی دھرنا شدید گرمی اور رمضان المبارک میں بھی جاری ہے۔ پولیٹیکل انتظامیہ خیبر ایجنسی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ گزشتہ دو ماہ سے وفاق کے کسی نمائندے نے فاٹا متاثرین کیمپ کا دورہ نہیں کیا ہے۔ گورنر خیبر پختونخواہ پی اے خیبر ایجنسی کا فوری تبادلہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف مہمند ایجنسی کے صدر ساجد خان مہمند نے ایک اخباری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور پریس کلب کے سامنے حقوق قبائل احتجاجی دھرنے کا دو ماہ مکمل ہونے کو ہے جو کہ رمضان المبارک میں بھی جاری ہے۔ پولیٹیکل انتظامیہ خیبر ایجنسی کی لاپرواہی سے خیبر ایجنسی کے عوام احتجاج پر مجبور ہو گئے ہیں۔ کیونکہ ابھی تک متاثرین کی دوبارہ آباد کاری، مسمار شدہ گھروں کی سروے، بجلی و پانی کی فراہمی اور آپریشن کے دوران تباہ شدہ گھروں کا معاوضہ دینے میں پولیٹیکل انتظامیہ خیبر ایجنسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ گزشتہ دو ماہ سے کسی بھی وفاقی حکومت کے نمائندے نے فاٹا متاثرین کیمپ کا دورہ نہیں کیا ہے۔ اور نہ ہی ان کے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھائیں گئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گورنر خیبر پختونخواہ فوری طور پر پولیٹیکل ایجنٹ خیبر ایجنسی کا تبادلہ کریں اور مذکورہ مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھائیں بصورت دیگر عید کے بعد پاکستان تحریک انصاف فاٹا بھر میں احتجاجی تحریک چلائینگے۔ جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر ہوگی۔