رمضان کیسے گزاریں گے؟ شوبز شخصیات کے پلانز تیار

رمضان کیسے گزاریں گے؟ شوبز شخصیات کے پلانز تیار
رمضان کیسے گزاریں گے؟ شوبز شخصیات کے پلانز تیار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )رمضان کا مہینہ اپنے ساتھ رحمتوں اور برکتوں کو سمیٹ لاتا ہے اور اس مہینے میں بہت سے ایسے کام انجام دینے کا ارادہ بن جاتا ہے جو شاید پہلے ہم انجام نہیں دے پاتے۔
نجی ٹی وی جیو ڈیجیٹل نے حال ہی میں شوبز شخصیات سے ان کے رمضان پلانز کے بارے میں پوچھا تو اداکارہ زوہرے عامر نے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے یتیم خانے کا دورہ کرنے کا سوچ رہی تھیں لیکن گھر، بچے اور اداکاری کے ساتھ انہیں بالکل موقع نہیں مل پارہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’اس سال میرا ارادہ ہے میں لازمی یتیم خانے کا دورہ کروں کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں سب سے زیادہ ہماری توجہ کی ضرورت ہے‘۔جہاں رمضان میں خیرات و زکوٰةکے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا جذبہ بڑھ جاتا ہے وہیں بہت سے افراد اپنی صحت کو بھی سنجیدگی سے لیتے ہیں اورعید پر منفرد نظر آنے کے لئے وزن کم کرنے کی بھی تیاریاں شروع ہوجاتی ہیں۔
میک اپ آرٹسٹ وقار حسین:میک اپ آرٹسٹ وقار حسین نے جیو ڈیجیٹل کو بتایا کہ ان کا تو ڈائٹ کرنے یا جم جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’میں تو رمضان کا پہلا عشرہ گھر والوں کے ساتھ گزارتا ہوں، پھر سیلون میں رش بڑھ جاتا ہے تو باقی کے روزے وہاں گزرتے ہیں، سب کچھ کھانا پینا پسند ہے اس لئے بھر پور رمضان مناتا ہوں‘۔میزبان کے سوال پر کہ بہت سے لوگ وزن کو گھٹانے کی کوشش میں لگ جاتے ہیں کیا آپ کو بھی کبھی جم جوائن کرنے کا خیال آیا؟اس پر وقار نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ ’مجھ سے ورزش نہیں ہوتی، مجھے دیکھ کر لگتا ہے کہ میں کبھی جم جانے کا سوچ بھی سکتا ہوں؟‘
اداکارہ عائشہ گل:البتہ ادکارہ عائشہ گل نے افطاری میں تیار کئے جانے والے سپیشل پکوڑوں اور سموسوں کو صحت کا خیال رکھتے ہوئے کھانے کا مشورہ دیا اور کہاکہ کیونکہ میں خود ڈاکٹر بھی ہوں تو بالکل فرائیڈ آئٹم نہیں کھاتی، زیادہ تیل والے کھانوں سے دور رہتی ہوں لیکن افطار کے پکوڑے سموسے زیادہ نہیں کبھی کبھی کھائے جاسکتے ہیں'۔ادکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ رمضان کے دسترخوان کی تو کیا ہی بات ہے!انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال ہم جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل عشقاوے کی شوٹنگ میں مصروف تھے، اس سال بھی میں ’بجو‘ کی شوٹنگ میں مصروف رہوں گی لیکن ویسے رمضان اپنی فیملی کے ساتھ دبئی میں گزارتی ہوں اور عید بھی وہیں کرنے کا ارادہ ہے‘۔
اداکارہ عائشہ گل جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر کئے جانے والے ڈرامہ سیریل بجو میں ’صبا‘ کا کردار کررہی ہیں جب کہ ان کے ساتھ کاسٹ میں زوہرے عامر اور وقار حسین بھی شامل ہیں۔ڈرامے کا مرکزی کردار ’مسرت‘ جویریہ سعود نے نبھایا ہے جبکہ کاسٹ میں ثمینہ احمد، ثنا عسکری، سکینہ خان، عاریز احمد وغیرہ بھی شامل ہیں۔