توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل سلمان صفدر پیش ہوئے۔عدالت نے سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے قراردیا کہ کیس کی آئندہ تاریخ رجسٹرارآفس مقرر کرے گا۔
یاد رہے کہ سپیشل جج سینٹرل نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت مسترد کردی تھی جبکہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹوکیس میں ضمانت منظورہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ 13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔