بلوچستان میں دہشتگردوں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی : سرفرازبگٹی
کوئٹہ ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی کاکہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔
کابینہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ دنوں میں دہشتگردی دیکھنے میں آئی ، کل بلوچستان اسمبلی نے یک زبان ہوکر دہشتگردی کی مذمت کی، یہ مٹھی بھر دہشتگرد سوفٹ ٹارگٹ ڈھونڈتے ہیں، یہ بسوں سے اتار کرمعصوم لوگوں کی ٹارگٹ کلنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ ہمیشہ جنگوں میں رہا،روایات کے مطابق چیزیں ہوتی تھیں، یہ بلوچیت کے نام پر ضرور ہے لیکن ان کا کوئی تعلق نہیں، یہ کسی بلوچ نے پشتون یا پنجابی کو نہیں مارا،یہ دہشتگردوں نے پاکستانی شہید کئے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہر روز صوبائی حکومت کا کوئی نہ کوئی سیکرٹری ہر ضلع میں ہونا چاہئے، ہم دن گزرنے کے ساتھ گورننس کو ٹھیک کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کی حکومت ذہین طالبعلم بچیوں کو ہارورڈ اور آکسفورڈ بھیج رہی ہے، اب بلوچستان کے لوگوں نے ہمارے اور دہشتگردوں میں فرق ڈھونڈنا ہے، ہم خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔