نجی سکیم کے تحت حاجیوں کے بروقت انتظامات اور سعودی پالیسی فالو نہ کرنے پر وزیراعظم کا نوٹس،کمیٹی تشکیل

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے نجی سکیم کے تحت حاجیوں کے بروقت انتظامات اور سعودی پالیسی فالو نہ کرنے کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق نجی سکیم کے تحت 70 ہزار حاجیوں کے کوٹے کے لئے حاجیوں کے بروقت انتظامات اور سعودی پالیسی فالو نہ کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے 3 رکنی حج انتظامی کمیٹی تشکیل دے دی۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی سیکرٹری کابینہ، چیئرمین ایف بی آر اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان پر مشتمل کمیٹی اپنی سفارشات 3 دن کے اندر وزیراعظم کو پیش کرے گی۔
وزارتِ مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کو سیکرٹریٹ سپورٹ فراہم کرے گی۔
کمیٹی سعودی عرب کی حج پالیسی کو وزارتِ مذہبی امور و نجی حج آپریٹرز کے ذریعے نافذ نہ کرنے کی تحقیقات کرے گی، کمیٹی وزارت مذہبی امور کی جانب سے نجی حج آپریٹرز کے لئے مطلوبہ رسمی کارروائیاں مکمل کرانے کی کوششوں کا جائزہ لے گی۔