مسٹر بیسٹ سمیت کون کون امریکہ میں ٹک ٹاک  خریدنے کی دوڑ میں شامل ہے؟

مسٹر بیسٹ سمیت کون کون امریکہ میں ٹک ٹاک  خریدنے کی دوڑ میں شامل ہے؟
مسٹر بیسٹ سمیت کون کون امریکہ میں ٹک ٹاک  خریدنے کی دوڑ میں شامل ہے؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اس ڈیڈلائن میں توسیع کر دی ہے جس کے تحت چینی ملکیتی ایپ ٹک ٹاک کو فروخت نہ کرنے کی صورت میں امریکہ میں پابندی کا سامنا کرنا پڑتا۔ کانگریس کی طرف سے منظور شدہ ایک دو جماعتی قانون کے تحت ٹک ٹاک کی پیرنٹ کمپنی، بائٹ ڈانس، کو ایپ فروخت کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ جنوری میں جب یہ قانون نافذ ہوا تو امریکہ میں ٹک ٹاک ایک دن کے لیے 'بند' ہو گیا، لیکن ٹرمپ نے مداخلت کرتے ہوئے پابندی کو 5 اپریل تک مؤخر کر دیا۔ اب انہوں نے مزید 75 دن کی توسیع دے دی ہے تاکہ ممکنہ معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکے۔ امریکی حکومت کا مؤقف ہے کہ ٹک ٹاک قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے کیونکہ چینی حکام صارفین کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

ٹرمپ نے ایئر فورس ون پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "متعدد سرمایہ کار" معاہدے کے قریب ہیں۔ انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ امریکہ چین کے ساتھ ایک ایسا معاہدہ کر سکتا ہے جس میں چین ٹک ٹاک کی فروخت کی منظوری دے اور اس کے بدلے میں چینی مصنوعات پر عائد امریکی محصولات میں نرمی کی جائے۔

ممکنہ خریداروں میں کئی معروف نام سامنے آئے ہیں۔ بی بی سی کی امریکی پارٹنر سی بی ایس کے مطابق ایمازون نے آخری لمحات میں ٹک ٹاک خریدنے کی پیشکش کی ہے تاہم ایمازون نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ ٹرمپ نے اوریکل کے شریک بانی لیری ایلیسن اور ایلون مسک کو ممکنہ خریداروں کے طور پر ذکر کیا، اگرچہ ایلون مسک نے واضح کیا کہ ان کی خریداری میں کوئی دلچسپی نہیں۔

دیگر ممکنہ خریداروں میں ارب پتی فرینک میک کورٹ اور کینیڈین کاروباری شخصیت کیون او لیری شامل ہیں، جو مشہور شو 'شارک ٹینک' کے سرمایہ کار بھی ہیں۔ ریڈٹ کے شریک بانی الیگزس اوہانیئن نے بھی کہا ہے کہ وہ میک کورٹ کے ساتھ مل کر بولی میں شامل ہوئے ہیں۔ دنیا کے سب سے بڑے یوٹیوبر جمی ڈونلڈسن المعروف 'مسٹر بیسٹ' نے بھی ایک سرمایہ کار گروپ کے حصے کے طور پر ٹک ٹاک خریدنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

صرف بالغوں کے لیے مشہور ایپ 'اونلی فینز' کے بانی برطانوی ٹِم سٹوکلی نے بھی ٹک ٹاک خریدنے کی پیشکش کی ہے، جو اپنی نئی کمپنی 'زوپ' کے تحت ایپ خریدنا چاہتے ہیں۔ مائیکروسافٹ، بلیک سٹون، وینچر کیپیٹل فرم اینڈریسن ہورووٹز اور سرچ انجن پرپلیکسیٹی اے آئی بھی حصص خریدنے کے لیے دوڑ میں شامل بتائے جا رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایک ایسا آپشن بھی زیر غور آیا ہے جس کے تحت بائٹ ڈانس ٹک ٹاک کے الگورتھم کی ملکیت اپنے پاس رکھے مگر امریکہ میں ایک نئی کمپنی کو ایپ چلانے کا اختیار دے۔