خیبرپختونخوا: شانگلہ میں کار کھائی میں جاگری، ملتان کے 4 سیاح جاں بحق

خیبرپختونخوا: شانگلہ میں کار کھائی میں جاگری، ملتان کے 4 سیاح جاں بحق
خیبرپختونخوا: شانگلہ میں کار کھائی میں جاگری، ملتان کے 4 سیاح جاں بحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

شانگلہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے مٹہ اغوان میں سوات جانے والی کار کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 4 سیاح جاں بحق ہو گئے۔
ترجمان ریسکیو 1122 رسول خان شریف نے ڈان نیوز کو بتایا کہ سیاح بشام سے سوات جا رہے تھے کہ بشام سوات روڈ پر مٹہ اغوان کے علاقے میں حادثہ پیش آیا۔انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں چار سیاحوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ترجمان کے مطابق ریسکیو 1122 کی ٹیم فوراً موقع پر پہنچ گئی جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو الپوری ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔الپوری سٹیشن ہاوس افسر محمد عارف خان نے واقع کی تصدیق کی۔انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت حسن خان، جواد خان، محمد عمیر اور حماد خان کے نام سے ہوئی، مزید کہنا تھا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کی شناخت دلاور خان کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ملتان کے علاقے نواب پور سے ہے۔
ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ وہ لاشوں کو ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کرنے کے انتظامات کر رہے ہیں جبکہ زخمی کو مزید علاج کے لئے سوات کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ فوری طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم ریسکیو 1122 کی ٹیم نے گاڑی کو قبضے میں لے لیا۔
واضح رہے کہ ملک کے پہاڑی علاقوں میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور ناقص انفراسٹرکچر کی وجہ سے سڑکوں پر جان لیوا حادثات عام ہیں۔
گزشتہ ہفتے شانگلہ کے علاقے کوٹکے میں پھسلن اور شدید بارش کے دوران ایک جیپ کھائی میں گرنے سے ایک خاندان کے کم از کم 5 افراد کی موت ہو گئی تھی جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہو گئے تھے۔