بیروزگار شوہر نے ناجائز تعلقات کے شبہے میں اپنی بیوی کو ہتھوڑی مار مار کر قتل کردیا

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) اتر پردیش کے شہر نوئیڈا میں ایک 55 سالہ شخص نے اپنی بیوی کو مبینہ طور پر ناجائز تعلقات کے شبہے میں ہتھوڑی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت نوراللہ حیدر کے طور پر ہوئی ہے جبکہ مقتولہ بیوی کا نام اسماء (عمر 42 سال) بتایا گیا ہے۔
واقعہ نوئیڈا کے پوش علاقے سیکٹر 15 میں پیش آیا، جہاں نوراللہ حیدر نے اپنی بیوی کے سر پر بار بار ہتھوڑی سے وار کر کے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ڈی سی پی نوئیڈا رام بدن سنگھ نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ فیز ون تھانے کی پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک شخص نے اپنی بیوی کو مبینہ تعلقات کے شبہے میں ہتھوڑی سے قتل کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق اسماء نوئیڈا میں بطور سافٹ ویئر انجینئر کام کر رہی تھیں، جبکہ نوراللہ حیدر بے روزگار تھا۔ رپورٹس کے مطابق اسماء پہلے دہلی میں مقیم تھیں اور جامعہ ملیہ اسلامیہ سے انجینئرنگ کی ڈگری یافتہ تھیں۔ نوراللہ حیدر بھی انجینئرنگ گریجویٹ ہے اور اس کا تعلق ریاست بہار سے ہے۔ دونوں کی شادی 2005 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں ۔ پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع خود جوڑے کے بیٹے نے پولیس کو دی۔
ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ نوراللہ حیدر کو اپنی بیوی پر ناجائز تعلقات کا شبہ تھا، جس کے باعث اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ فیز ون تھانے کے انچارج امیت کمار کے مطابق ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس نے پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا ہے۔