آزادکشمیر بھرسے ہزاروں قافلے آج جلسہ میں شرکت کرینگے،شوکت جاوید

آزادکشمیر بھرسے ہزاروں قافلے آج جلسہ میں شرکت کرینگے،شوکت جاوید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مظفرآباد(بیورورپورٹ)پاکستان پیپلزپارٹی کے 50 ویں یوم تاسیس کے سلسلہ میں پر یڈ گراؤنڈ اسلام آبادگولڈن جوبلی تقریبات کے آخری جلسہ عام میں شرکت کے لئے آزاد کشمیر بھر سے آج5 دسمبر ہزاروں کی تعدا د میں قافلے روانہ ہونگے ۔تیاریاں مکمل ، انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ،تمام چھوٹے بڑے شہروں کو پارٹی قائدین کی تصاویروں تین رنگے جھنڈے سے خوبصورت انداز میں سجا دیا گیا ہے جبکہ پاکستان ، آزاد کشمیر اور پیپلزپارٹی پر مشتمل ایک ہزار فٹ لمبا 15 فٹ چوڑا جھنڈا قافلے کی انفرادیت کو چار چاند لگا دے گا،قافلے دارالحکومت مظفرآباد پیپلزسیکرٹریٹ چھتر سے پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں ہزاروں کی تعداد میں روانہ ہونگے ۔ان خیالا ت کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید نے اسلام آباد روانگی کے سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ک مظفرآباد سے کوہالہ تک جا بجا استقبال کے پروگرام ترتیب دے دیئے گئے جبکہ10 بجے کوہالہ پل پر باغ ، راولاکوٹ ، دھیرکوٹ، فاروڈ کہوٹہ سمیت دیگر علاقوں سے آنے والے جلوس بڑے قافلے میں شریک ہونگے او ر 2 بجے پریڈ گراؤنڈ اسلام آبادملکی تاریخ کے اہم ترین جلسہ عام میں شامل ہو کر پارٹی کے جواں سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا تاریخ ساز خطاب سنیں گے ۔سابق وزراء میاں عبد الوحید ، سردار جاوید ایوب ، سید بازل علی نقوی، چوہدری محمد رشید ، صاحبزادہ اشفاق ظفر، باغ سے سردار ضیاء القمر ، خالد محمود چغتائی ،پونچھ سے سابق صدر ریاست سردار یعقوب خان، سابق وزیر سردار عابد حسین عابد ، کوٹلی سے قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یاسین ، سابق وزراء محمد مطلوب انقلابی ، جاوید اقبال بڈھانوی ، ضلع میر پور سے سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید ، مرکزی سیکرٹری رابطہ عامر ذیشان ، ضلعی صدر قاسم مجید ، بھمبر سے سابق وزیر و سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف ، چوہدری افسر شاید سمیت پارٹی پی ایس ایف ، یوتھ مرکزی ،ضلعی عہدیداران بڑے جلوسوں کی قیادت کرینگے ۔ شوکت جاوید نے کہا کہ آزاد کشمیر بھر میں عوام رابطہ مہم کے دوران اہل کشمیر میں پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو ، قائد انقلاب محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی لا زوال قربانیوں اور ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی عالمی ایوانوں میں بے باک وکالت اور آزاد کشمیر کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے عوام دوست فیصلوں کے پیش نظر اعتماد کی مہر تصدیق ثبت کر دی ہے شوکت جاوید نے کہا کہ آزاد کشمیر اور مہاجرین سے 30 ہزار سے زائد کشمیری چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خطاب سننے اور پاکستان کی سیاسی تاریخ کا کایا پلٹنے 2018 کے عام انتخابات میں پاکستان میں مقیم 15 لاکھ کشمیری مہاجرین کی غالب اکثریت کی طرف سے پارٹی کے نامزد امیدواروں کی حمایت کے بعد ان کی کامیابی اور جوا ں سال روشن خیال ترقی پسند عالمی شہرت یافتہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وزیر اعظم پاکستان منتخب کروانے کے لئے اپنا سیاسی کردار ادا کرینگے ۔شوکت جاوید میرنے کہا کہ دہشت گردی ، انتہا پسندی ، لاقانونیت ، صوبائی تعصب ، لسانی جھگڑوں ، فرقہ واریت کو جڑ سے ختم کر کے مضبوط وفاق ، ناقابل تسخیر دفاع کا انقلابی پروگرام صرف اور صرف پیپلزپارٹی اور اس پر عمل درآمد کی صلاحیت اس کی قیادت کے پاس ہے ۔اندرونی بیرونی خطرات ، بھارت او ر اس کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سمیت ملک دشمن قوتوں کے عزائم خاک میں ملا کر پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے جمہوریت کے فروغ، قانون آئین کی بالادستی ،چہروں کے بجائے نظام کی تبدیلی کے لئے پیپلزپارٹی کا اقتدار میں آنا اور بلاول بھٹو زرداری کا کم عمر وزیر اعظم پاکستان ہونا ناگزیر ہے جو گنیز بک آف ریکارڈ میں ایک نیاعالمی ریکارڈ شامل ہوگا ۔