تنگ نظری پر مبنی رویہ اورطرزعمل زندگی میں کامیابی اور ترقی کی راہیں مسدود کر دیتا ہے، احساس تحفظ و سلامتی آپ کی زندگی کا آخری منصوبہ ہے 

  تنگ نظری پر مبنی رویہ اورطرزعمل زندگی میں کامیابی اور ترقی کی راہیں مسدود ...
  تنگ نظری پر مبنی رویہ اورطرزعمل زندگی میں کامیابی اور ترقی کی راہیں مسدود کر دیتا ہے، احساس تحفظ و سلامتی آپ کی زندگی کا آخری منصوبہ ہے 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مصنف:ڈاکٹر وائن ڈبلیو ڈائر 
ترجمہ:ریاض محمود انجم
 قسط:100
مزیدبرآں اس نے اپنے گھرانے پر اپنی منصوبہ بندی کا اطلاق کر رکھا ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ اس کے بچے اور بیوی بھی اس کی ہدایات کے مطابق چلیں۔ مختصر یہ کہ ہنری ایک نہایت ہی منظم لیکن ناخوش انسان تھا۔ اس میں تخلیقیت، اختراع اور ذاتی جوش و خروش کی کمی واقعی ہو چکی تھی۔ درحقیقت اس نے ایک ایسی منصوبہ بندی خود پر مسلط کر رکھی تھی کہ زندگی میں ہر چیز قرینے سے انجام پاتی رہے اور اس میں کسی بھی قسم کی کوئی تبدیلی واقع نہ ہو لیکن میرے مشورے کے مطابق اس نے اپنی زندگی میں لچک پیدا کرنی شروع کردی۔ اسے محسوس ہونے لگا کہ اس نئی منصوبہ بندی کے ذریعے اسے اور دوسروں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے اور وہ نئی اور مختلف چیزیں، امور اور معاملات اپنانے کے بجائے ایک گھسے پٹے معمول کے ذریعے اپنی زندگی میں مزید ترقی اور کامیابی کے راستے بند کر رہا ہے۔ پھر اس نے اپنے گھرانے کو بھی ان ضوابط سے آزاد کر دیا اور انہیں اپنی مرضی کے مطابق نئی اور مختلف سوچ اور اندازفکر انداز اپنانے کی اجازت دے دی، پھر کئی ماہ بعد ہنری نے خود اپنے طو رپرایک ایسے ادارے میں ملازمت کے لیے درخواست گزاری جہاں اکثر سفر میں رہنا پڑتا تھا۔ پہلے وہ جس چیز سے گھبراتا تھا، اب وہی چیز اس کے لیے پسندیدہ بن چکی تھی۔ اگرچہ ہنری نے اپنی زندگی میں مکمل طور پر فراخ دلانہ رویہ نہیں اپنایا تھا لیکن پھر بھی اس نے ان سابقہ عادات کو ترک کر دیا تھا جن کے باعث وہ اپنے منصوبے میں تبدیلی رونما کرنے کے متعلق سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ اب ا س نے یہ سیکھ لیا ہے کہ تنگ نظری پر مبنی رویہ اورطرزعمل زندگی میں کامیابی اور ترقی کی راہیں مسدود کر دیتا ہے۔ وہ اب اپنے روزمرہ معاملات زندگی میں فرسودہ اور گھسے پٹے معمول پر عمل کرنے کے بجائے نئے، مختلف اور تخلیقی انداز اپنا کر اپنی زندگی میں لطف اور خوشگواریت کو داخل کر چکا ہے۔
احساس تحفظ و سلامتی…… اندرونی و بیرونی اقسام
کافی عرصہ پہلے آپ کو یہ سکھایا اور پڑھایا گیا تھا کہ کس طرح ایک معیاری مضمون لکھا جاتا ہے۔ آپ کو یہ بتایاگیا کہ مضمون کے آغاز میں ایک اچھا تعارف موجود ہونا چاہیے، پھر نفس مضمون بھی بہت ہی باترتیب ہونا چاہیے اور اختتام بھی نہایت شاندار ہونا چاہیے۔ بدقسمتی سے آپ نے یہی اصول اپنی زندگی پر بھی لاگو کر لیا اور اسی اصول کے مطابق اپنی تمام زندگی گزارنے کی منصوبہ بندی کر لی۔ ”تعارف“ آپ کا بچپن تھا جس کے دوران آپ نے اپنی شخصیت تیار کرنے کی ”تیاری“ کی…… ”نفس مضمون“ آپ کی ”بالغ زندگی“ ہے جو ایک طے شدہ منصوبے کے مطابق گزرتی ہے جس کے دوران ”اختتام“ کے لیے تیاری کی جاتی ہے جو آپ کی ملازمت سے سبکدوشی اور خوشگوار انجام پر مشتمل ہے۔ اپنی اس طے شدہ زندگی کے باعث آپ اپنے موجودہ لمحات (حال) کے باعث حاصل ہونے والی مسرت اور خوشی سے محروم ہو جاتے ہیں۔ ایک طے شدہ منصوبے کے مطابق زندگی بسر کرنے سے مراد یہ ہے کہ آپ کی زندگی کے تمام معاملات ہمیشہ کے لیے درست طور پر طے پا جائیں گے۔ احساس تحفظ و سلامتی آپ کی زندگی کا آخری منصوبہ ہے جس سے مراد یہ ہے کہ آپ کو معلوم ہو جاتا ہے کہ آپ کی زندگی کن مراحل میں سے گزرے کی۔ احساس تحفظ و سلامتی سے مرا دیہ ہے کہ آپ کی زندگی مسرت، خوشی، لطف، خطرات، مشکلات و مصائب سے قطعی طور پر خالی ہے۔ احساس تحفظ کا مطلب یہ ہے کہ آپ کی زندگی میں کامیابی اور ترقی کا امکان نہیں اور کامیابی و ترقی کی عدم موجودگی کا مطلب آپ کی ”موت“ ہے لیکن درحقیقت احساس تحفظ و سلامتی تو محض ایک افسانہ اورتخیل ہے۔ جب تک آپ اس کرۂ ارض پر موجود ہیں اور نظام کائنات بھی اسی طرح چل رہا ہے، اس وقت تک خطرات آپ کے اردگرد منڈلاتے رہیں گے اور آپ کبھی بھی احساس تحفظ و سلامتی میں مبتلا نہیں ہو سکتے اور پھر اگر یہ احساس تحفظ و سلامتی محض افسانہ یا وہم نہ بھی ہو تو یہ ایک بھیانک اور خوفناک انداز زندگی ہے جس کے باعث یقینی طو رپر آپ کی زندگی میں سے خوشگواریت، لطف، ترقی اور کامیابی تفریق ہو جاتی ہے۔ (جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید :

ادب وثقافت -