پاک بھارت کبڈی میچ کل فیصل آباد میں کھیلا جائیگا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور بھارت کی قومی کبڈی ٹیموں کے درمیان میچ کل اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائیگا اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ کبڈی ایسوسی ایشن فیصل آباد کے صدر و ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ محمد اسلام اور سیکرٹری جنرل رانا عمران احمد خان کے مطابق پاکستان اور بھارت کی کبڈی ٹیموں کے درمیان منعقد ہونے والے میچ کے شایان شان انعقاد کو یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ جہاں کبڈی کے کھیل کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا وہیں فیصل آباد کے شہریوں کو تفریح کی سہولت بھی میسر آئے گی۔ انہوںنے کہا کہ کبڈی کا کھیل پنجاب کی ثقافت کا اہم جزو ہے جبکہ اس قسم کے مقابلوں کے انعقاد سے مثبت تعمیر ی سوچ کو تقویت ملنے کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کا فروغ بھی ممکن ہو سکے گا۔