بیرسٹر سیف کے بیان پر عظمیٰ بخاری کا رد عمل آ گیا

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ کے پی حکومت کے وزراء اور ان کی ٹیم نالائق اور کم علم ہے جو کہ حقائق سے بالکل نابلد ہے۔ انہوں نے حقائق کے بر عکس پتا نہیں کونسی رپورٹس پڑھ رکھی ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی زیرنگرانی قائم خصوصی سہولت بازاروں سے عوام کو اوپن مارکیٹ کی نسبت 31 فیصد زیادہ ریلیف ملا۔ ان رمضان سہولت بازاروں سے 3 ارب 11 کروڑ روپے کی تاریخ ساز خریداری ہوئی۔ دوسری طرف نام نہاد تبدیلی کی دعویدار کے پی حکومت نے تو اپنے پارٹی کے لوگوں کو ہی 10 ارب روپے رمضان پیکج کے نام پر بانٹ دیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ لوگوں کو رمضان پیکج اور سہولت بازاروں میں ریلیف دیا گیا ہے۔ دوسری جانب خیبر پختونخواہ میں ایک بھی رمضان بازار نہیں لگا سکے۔جھوٹے پروپیگنڈے سے کے پی حکومت کی کرپشن اور چوریاں چھپ نہیں سکتیں۔گنڈاپور واحد وزیراعلیٰ ہے جس کو اپنی ہی کابینہ اور پارٹی کے لوگ کرپٹ اور چور کہہ رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز کے منصوبوں پر ایک سال بعد بھی کوئی ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکا۔پنجاب میں ہر منصوبہ شفافیت اور میرٹ کی اپنی مثال ہے۔