سوات کے پہاڑی علاقے ڈوپ سر میں پولیس اور فتنہ الخوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ

سوات کے پہاڑی علاقے ڈوپ سر میں پولیس اور فتنہ الخوارج کے درمیان فائرنگ کا ...
سوات کے پہاڑی علاقے ڈوپ سر میں پولیس اور فتنہ الخوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سوات ( ڈیلی پاکستان آن لائن )تھانہ گوالیری کی حدود میں پولیس اور فتنہ الخوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق سوات کے تھانہ گوالیری کے دور افتادہ پہاڑی علاقے ڈوپ سر میں پولیس اور فتنہ الخوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک  شہری موقع پر جاں بحق  جبکہ ایک پولیس اہلکار صاحب زادہ شدید زخمی ہوا۔

پولیس جوانوں کی جانب سے انتہائی جواں مردی کے ساتھ بھرپور جوابی کارروائی کی ، تاکہ علاقے میں امن و امان قائم رکھا جا سکے اور دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ شیر اکبر نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے وقوعہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صورتِ حال کا تفصیلی جائزہ لیا اور موقع پر موجود افسران و اہلکاروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات، محمد عمر خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

آر پی او ملاکنڈ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا’’خیبرپختونخوا پولیس ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار، پرعزم اور چوکنا ہے۔ قانون کو ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے پولیس جوانوں کے بلند حوصلے اور بے مثال بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ’’دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز پوری قوت اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے، اور پولیس کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔‘‘

بعد ازاں آر پی او ملاکنڈ نے تھانہ گوالیری کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کی، آپریشنل تیاریوں اور سیکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ لی۔