مشینی دور میں مناسب رشتوں کا حصول ایک معاشرتی مسئلہ ہے،پروین سرور

مشینی دور میں مناسب رشتوں کا حصول ایک معاشرتی مسئلہ ہے،پروین سرور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر)گورنر پنجاب کی اہلیہ محترمہ پروین سرور نے کہا ہے کہ آج کے مشینی اور مصروف دور میں مناسب رشتوں کا حصول ایک معاشرتی مسئلہ ہے جو والدین کے لیے کسی بھی طرح ایک مشکل سے کم نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصاً غریب والدین کے لیے یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے کیونکہ ان کی صاحبزادیاں غربت اور پسماندگی کے باعث مناسب رشتوں کی عدم دستیابی کے باعث اپنی شادی کی عمر سے تجاوز کر جاتی ہیں جو والدین کے لیے ایک تکلیف دہ امر ہے ۔ محترمہ پروین سرور نے کہا کہ اس المیہ کے حل سے نمٹنے کے لیے پڑھے لکھے اور درد مند دل رکھنے والے افراد رضا کارانہ طور پر اپنا بھر پور کردار ادا کریں وہ اس حوالے سے قائم ایک رضا کارانہ تنظیم ڈور آف آویرنیس کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد پیش کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا اور اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب سے تنظیم کی چیئر پرسن روبا ہمایوں، ڈاکٹر نعیم، صائمہ نوابی، فضا حامد، پروفیسر ساجد علی اور پروفیسر رف رف نے بھی خطاب کیا ۔مقررین نے اپنی تقاریر میں اس معاشرتی مسئلہ کی بڑھتی ہوئی سنجیدہ صورت حال کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ والدین اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں اور اپنی اولاد کی تربیت اس طرح کریں کہ نہ صرف یہ کے وہ اس مسئلہ کے اہم پہلوؤں سے آگاہ ہوں بلکہ وہ خود کو ان خطوط پر استوار کر سکیں جو ان کی مستقبل کی زندگی کا ایک لازمی جزو ہے۔مقررین نے مخیراور اہل دل حضرات پر بھی زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں آگے بڑھیں اور اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین و حضرات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔