سانگھڑ: آوارہ کتوں کیلئے گلی میں رکھی گئی زہریلی مٹھائی کھانے سے بچی جاں بحق
سانگھڑ(ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ کے شہر سانگھڑ میں آوارہ کتوں کےلئے بنائی زہریلی مٹھائی کھانے سے بچی ہلاک اور ماں کی حالت غیر ہوگئی۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے شہر سانگھڑ میں بلدیہ اداروں کی مبینہ لاپرواہی کے باعث کتوں کےلئے رکھی گئی زہریلی مٹھائی کھانے سے چار سالہ بچی جاں بحق اور ماں کی حالت غیر ہوگئی۔ذرائع کے مطابق بلدیہ اہلکاروں نے آوارہ کتے مارنے کیلئے گلاب جامن میں زہر ملا کر مختلف جگہوں پر پھینکے تھے، 5 سال کی بچی نے مٹھائی اٹھا کر خود بھی کھائی اور لے جاکر والدہ کو بھی کھلادی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زہریلی مٹھائی ماں بیٹی نے کھائی جس کے بعد دونوں کی حالت غیر ہوگئی جبکہ دونوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں بچی جاں بحق ہوگئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی والدہ کی حالت تشویش ناک ہونے پر دونوں کو نوابشاہ ریفر کردیا گیا ہے جبکہ سینیٹری انسپکٹر کو مبینہ غفلت برتنے پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔