قلم قتلے

قلم قتلے
 قلم قتلے

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

نیا سال مبارک۔ نئے سال کے پہلے ہی دن یعنی یکم جنوری 2018ء بروز پیر ’’اخبارات‘‘ کی بعض خبروں نے دامنِ دل کو اپنی طرف کھینچا اور قلم کو روانی کا اِذن ملا تو ہم ’’چل مرے خامے بسم اللہ‘‘ کہہ کر دلچسپ خبروں پر اپنے فی البدیہہ تبصرے و تجزیئے کے ساتھ قارئین کے تفننِ طبع کے لئے حاضر ہیں:

O۔۔۔ شوگر ملوں کو کسی کی حق تلفی نہیں کرنے دیں گے۔

وزیرخوراک پنجاب بلال یٰسین

O۔۔۔مگر یہ معلوم کب ہوگا کہ کوئی شوگر مل کسی کی حق تلفی کرنے والی ہے؟:

تاتریاق از عراق آوردہ شَود

مار گزیدہ مردہ شَود!

O۔۔۔طاہر القادری لاشوں کی سیاست کررہے ہیں۔

عابد شیر علی۔

O۔۔۔نئے سال کے پہلے دن کا اب تک کا سب سے ظالمانہ بیان۔

O۔۔۔ریلوے میں افسران کی تعداد میں اضافہ، عملی کام کرنے والوں کی تعداد کم ہو رہی ہے!

سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین

O۔۔۔چودھری صاحب! پاکستان میں عدلیہ اور افواج کے محکموں کو چھوڑ کر کسی ایک ایسے محکمے کا نام بھی بتا دیجئے جہاں عملی کام کرنے والوں کی کمی نہ ہو رہی ہو؟:

تن ہمہ داغ داغ شُد

پنبہ کُجا کجا نہم

O۔۔۔ملک بھر کے علماء و مشائخ کو متحد کرکے ایک پلیٹ فارم پر لانا چاہتے ہیں۔

جماعت اسلامی کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالحق ہاشمی

O۔۔۔اگرچہ حضرت علامہ اقبال نے فرما رکھا ہے:

خاص ہے ترکیب میں قوم رسول ہاشمی

مگر ہاشمی صاحب! ’’خاص‘‘ ہوتے ہوئے بھی آپ جن ’’خواص‘‘ کو متحد کرنا چاہتے ہیں اس پر یہی تبصرہ کروں گا:

ایں خیال است و محال است و جنوں

O۔۔۔ اے پی سی ’’مُردہ گھوڑے‘‘ کو زندہ کرنے کی کوشش کے مترادف ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال

O۔۔۔گویا ’’سانحہ ماڈل ٹاؤن‘‘ ’’مردہ گھوڑا‘‘ ہے! قانون کی تعلیم حاصل کئے ہوئے ’’راناؤں‘‘ کو شاید پتہ نہیں:

قریب ہے یارو روزِ محشر چُھپے گا کشتوں کا خون کیوں کر؟

جو چپ رہے گی زبانِِ خنجر لُہو پکارے گا آستیں کا

O۔۔۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزموں کو منطقی انجام تک پہنچانا ضروری۔ لیاقت بلوچ

O۔۔۔ایں کار ازتُو آید و مرداں چُنیں کُنند

زندہ باد لیاقت بلوچ!

قاتل نے کس صفائی سے دھوئی ہے آستیں

اس کو خبر نہیں کہ لہو بولتا بھی ہے

جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ میں ’’بَین السطور‘‘ قاتلوں کے چہرے صاف عیاں ہیں۔!

O۔۔۔ نئے سال کا تحفہ پٹرول کی قیمت میں 4روپے لیٹر سے زائد کا اضافہ۔ نئے مشیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے فرمایا: ’’غریب عوام میں نئے ٹیکس برداشت کرنے کی سکت نہیں لہٰذا نئے ٹیکس نہیں لگائے جائیں گے‘‘۔

O۔۔۔اس خسروانہ آفر پر، ہر عہد پر غالب، مرزا اسد اللہ خان غالب کے شعر کا سہارا لئے بغیر چارہ نہیں:

اس سادگی پہ کون نہ مر جائے اے خدا

لڑتے ہیں اور ہاتھ میں تلوار بھی نہیں

O۔۔۔شریف خاندان کا سعودیہ جانا انسدادِ کرپشن مہم کی کڑی ہے۔سابق نائب وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پرویز الٰہی۔

O۔۔۔’’دیر آید درست آید‘‘ اگر ایسا ہے توکیا بُرا ہے؟ یہ بھی تو ممکن ہے توبہ تِلاّ کے بعد بقول کشفی ملتانی:

رند بخشے گئے قیامت میں

شیخ کہتا رہا حساب حساب

O۔۔۔پاکستان کے فیصلے ملک کے اندر ہونے چاہئیں۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ

O۔۔۔بے شک! سرِعام اپنے میلے کپڑے دھونا، غیر کے آگے رونا دھونا، کسی طور مناسب نہیں:

کسی کے سامنے اشکوں کی آبرو نہ گنوا

یہ گھر کی بات ہے گھر میں رہے تو اچھا ہے

O۔۔۔پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی ہے، واپس لیا جائے۔ ’’اپوزیشنیں‘‘۔

مزید : رائے /کالم