ہائی پاور بورڈ اجلاس 18 ماہ سے تاخیر کا شکار، متعدد افسران کی ترقی رک گئی
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) ہائی پاور بورڈ اجلاس 18 ماہ سے نہ ہونے کے باعث 40 کے قریب افسران کی گریڈ 22 میں ترقی رک گئی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق وفاق کے ماتحت سروس کیڈر کے گریڈ 21 کے افسران 18 ماہ سے ہائی پاور بورڈ اجلاس منعقد ہونے کے منتظر ہیں، اجلاس نہ ہونے کے باعث گریڈ 21 کے تین افسر 2024 میں ریٹائر ہو گئے جبکہ دو افسران آئندہ ماہ فروری میں ریٹائر ہوجائیں گے۔
پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 22 کی 19، سیکرٹریٹ سروس کی 5 اور پولیس سروس کی 3 اسامیاں خالی ہیں جن پر گریڈ 21 کے افسران کی ترقی ہونی ہے، ان لینڈ ریونیو سروس کی 2، کسٹم سروس کی ایک، آڈٹ اینڈ اکاوئنٹس سروس کی ایک، انفارمیشن سروس گروپ کی ایک اسامی خالی ہے۔
فارن سروس کی 2، پاکستان ریلوے سروس کی ایک، پوسٹل سروس میں گریڈ 22 کی دو اسامیاں خالی ہیں تاہم وزیراعظم کی صدارت میں ہائی پاور بورڈ اجلاس آئندہ ماہ فروری میں ہونے کا امکان ہے۔