جیکب آباد : پولیس کی وردی میں ملبوس ڈاکوؤں نے گاڑی چھین لی
جیکب آباد (ویب ڈیسک) جیکب آباد میں پولیس کی وردی میں ملبوس مسلح ڈاکو شہری سے گاڑی چھین کر فرار ہوگئے۔ ڈکیتی کے واردات کے خلاف کھوسو برادری سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شاہراہ پر دھرنا دے دیا۔ دھرنے کے باعث گڑھی خیرو اور جیکب آباد شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی۔
آج نیوز کے مطابق مظاہرین نے بتایا کہ چار مسلح ڈاکو عاشق کھوسو سے گاڑی چھین کر فرار ہوگئے۔ وہ پولیس کی وردی میں تھے۔ اس نوعیت کی وارداتوں کے باعث شہری خود کو انتہائی غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں۔مظاہرین نے کہا کہ پولیس علاقے کے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کی وارداتوں کا نوٹس لے کر شہریوں کے لیے حقیقی تحفظ یقینی بنایا جائے۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری بڑھتی جارہی ہے۔ اندرونِ سندھ بھی ڈاکو بیشتر علاقوں میں کسی خوف کے بغیر دندناتے پھر رہے ہیں اور شہری کہیں بھی محفوظ دکھائی نہیں دیتے۔