وینا ملک نے شادی کے فیصلے کو بڑی غلطی قرار دیدیا

لاہور (آئی این پی) اداکارہ و ٹی وی ہوسٹ وینا ملک نے اپنی شادی کے فیصلے کو بڑی غلطی قرار دیدیا۔
ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ نے اپنی ناکام شادی اور مالی آزادی کے بارے میں بات کی۔وینا ملک نے کہا کہ یہ ایک ارینجڈ میرج تھی اور یہ رشتہ میرے والدین کے ذریعے آیا تھا۔ ہر کسی کی زندگی میں ایک ایسا وقت آتا ہے جب انسان بھاگنا چاہتا ہے اور 2013 میں مجھے فرار کی ضرورت تھی کیونکہ میں اتنی زیادہ شہرت اور پیسہ حاصل کر چکی تھی کہ اسے سنبھالنا مشکل ہو گیا تھا۔ شادی ایک بے معنی فیصلہ تھا اور یہ میری زندگی کا سب سے بڑا پچھتاوا بن گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ آزاد رہی ہوں، میں نے کبھی کسی سے پیسہ نہیں لیا، آخری بار جب میں نے اپنے والدین سے جیب خرچ لیا تھا وہ 14 سال کی عمر میں تھا، اور آج تک میری اپنی کمائی ہے۔ میں تحائف نہیں لیتی اور نہ ہی تحائف دیتی ہوں۔ میں مالی طور پر خود کفیل ہوں۔