پنجاب کے مختلف شہروں کیلئے 1500الیکٹرک بسیں چلانے کا پراجیکٹ منظور، فیصل آباد میں اورنج اور ریڈ بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے مختلف شہروں کے لیے 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کے پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی۔پنجاب کے دور دراز بڑے شہروں میں مرحلہ وار الیکٹرک بسوں پر مشتمل ٹرانسپورٹ سسٹم شروع کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے پراجیکٹس پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں سرگودھا،شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان سمیت 6 اضلاع میں نئے ٹرانسپورٹ سسٹم لانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پہلے مرحلے میں 380الیکٹرک بسوں کی خریداری کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ پہلے مرحلے میں لاہور اور گوجرانوالہ میں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے لاہور، گوجرانوالہ الیکٹرک بس سروس کے لیے اگلے جون تک کی ڈیڈلائن مقرر کر دی۔ اجلاس میں فیصل آباد میں اورنج اور ریڈ بس سروس شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ سمندری روڈ تا سرگودھا روڈ ریڈ بس سروس اور جڑانوالہ تا جھنگ روڈ اورنج بس سروس شروع کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں الیکٹرک بس کے ٹریک کی فوری تعمیر کے لیے پلان طلب کر لیا۔وزیراعلیٰ نے لاہور میں یلیو لائن الیکٹرک بس کے ٹریک کی پلاننگ کے لیے 15روز کی مہلت دے دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے الیکٹرک بسوں کے چارجنگ سٹیشن قائم کرنے پلان بھی طلب کر لیا۔
وزیراعلیٰ نے لاہور میں جدید ترین ٹرانسپورٹ ٹاور کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی منظوری بھی دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ سب کی وزیر اعلیٰ ہوں، لاہور ہی نہیں باقی شہروں کے عوام کا بھی جدید ٹرانسپورٹ سسٹم پر پورا حق ہے۔ خواہش ہے کہ پنجاب کے ہر بڑے شہر میں شاندار اور جدید ترین بس سسٹم موجود ہو۔ ترقی کے سفر میں سب کو شریک کرنے کے لیے دیگر شہروں میں الیکٹرک بسیں چلائی جائے گی۔