کراچی میں سول انجینئر کا قتل، قاتل مقتول کی بیوی کا کزن نکلا
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )گلستان جوہر میں قتل کئے جانے والے سول انجینئر راہول کمار کے قاتل کو سی سی ٹی وی کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ 3 دسمبر کو گلستان جوہر موڑ کے قریب فلیٹ میں قتل کئے جانے والے سول انجینئر راہول کمار کے قتل کا کیس حل کرلیا گیا ہے، ملزم شنک شرما مقتول راہول کی بیوی کا کزن بھی ہے، قتل میں قاتل کے ساتھ اور کون تھا، ملزم نے مقتول کا قتل کیوں کیا، اس حوالے سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ قاتل حلیہ تبدیل کرکے گھر میں داخل ہوا تھا لیکن فلیٹ کی عمارت میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو سے ملزم کو داخل ہوتے دیکھا گیا جس کے بعد سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزم کی شناخت ہوئی۔
پولیس کے مطابق مقتول کے اہلخانہ کو بھی گرفتار ملزم شنک شرما پر شک تھا، شنک شرما نے مقتول راہول کا تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کیا جبکہ مقتول کی بیوی نے قتل کی اطلاع دیر سے پولیس کو دی اور واقعےکو ڈکیتی کا رنگ دینے کی بھی کوشش کی۔