عمران خان کے حالیہ ٹوئٹس کے بعد حکومت، پی ٹی آئی کے مذاکرات لاحاصل ہیں:خواجہ آصف
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ گزشتہ رات پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے سامنے آنے والے ٹوئٹس کے بعد حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات معطل ہو چکے، اب یہ مذکرات لاحاصل ہیں۔
انہوں نے یہ بات ڈان نیوز کے پروگرام لائیو ود عادل شاہزیب میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اعتبار کے قابل نہیں ہے لیکن پھر اس کے ساتھ مذاکرات جاری رہنے چاہئیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جو پیشکش کئے جانے کی بات کر رہی ہے، قطعی طور پر ایسی کوئی بات اب تک نہیں ہوئی۔
وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے رہنما تو امریکا کی نئی انتظامیہ سے این آر او مانگ رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاونڈ کیس کا فیصلہ جلد آجانا چاہئے، امید ہے کہ یہ جلد آجائے گا۔