کرپٹو کرنسی ڈکیتی کیس ، انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب عہدے سے برطرف
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)شہر قائد میں شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور ڈیجیٹل ڈکیتی واقعات پر محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) انچارج راجا عمر خطاب اور سی پیک کے ڈی ایس پی فرخ کو عہدے سے ہٹادیا گیا۔ڈان نیوز کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور ڈیجیٹل ڈکیتی پر ایکشن لیتے ہوئے سی ٹی ڈی افسر راجا عمر خطاب اور سی پیک کے ڈی ایس پی فرخ کو عہدے سے ہٹادیا۔
دونوں افسران کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، دونوں افسران کو سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنےکی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔نوٹی فکیشن کے مطابق شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور بٹ کوائن ڈکیتی میں موبائل استعمال ہوئی تھی، ماضی میں شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں سی ٹی ڈی افسران ملوث رہے ہیں۔ شہر میں آن لائن فراڈ کرنے والوں کو سی ٹی ڈی کی پشت پناہی حاصل تھی، مختلف علاقوں میں قائم آن لائن فراڈ والے کال سینٹرز سے بھی ماہانہ بھتہ وصول کیا جاتا رہا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں کرپٹو کرنسی ڈیلر کو اغوا کرکے اس کے اکاؤنٹ سے 3 لاکھ 40 ہزار ڈالرز ٹرانسفر کرانے کے الزام پر کراچی کی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) نے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ایک اہلکار سمیت 7 افراد کو گرفتار کیا تھا۔اے وی سی سی نے بتایا کہ 25 دسمبر کو پولیس موبائل میں سوار اغوا کاروں نے منگھوپیر سے کرپٹو کرنسی کے بزنس مین ارسلان کو اغوا کیا، پولیس موبائل میں سوار اغوا کار شہری کو صدر لائے جہاں اس کے اکاؤنٹ سے پیسے ٹرانفسر کرنے کے بعد مغوی کو مزار قائد کے قریب پھینک کر فرار ہوگئے۔حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف اغوا برائے تاوان سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا تھا۔