ہمت کارڈ پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع ،کتنے ہزار خصوصی افراد کو مالی امداد فراہم کی جائے گی؟ جانیے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب نے افراد باہم معذوری کی مالی معاونت کے حوالے سے کامیابی سے جاری منصوبے ہمت کارڈ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور افراد باہم معذوری سے ان کی نشستوں پر جا کر ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سکندر ذیشان، چیف ڈیجیٹل آفیسر پنجاب بینک نوفل داؤد، پنجاب آئی ٹی بورڈ اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے تقریب کے دوران افراد باہم معذوری میں ہمت کارڈ تقسیم کیے اور اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت پہلے مرحلے میں محکمہ سوشل ویلفیئر نے کام کاج کی صلاحیت نہ رکھنے والے 40 ہزار کے قریب افراد باہم معذوری کو ہمت کارڈ جاری کیے جن کے ذریعے انہیں 41 کروڑ روپے سے زائد کی مالی امداد فراہم کی گئی۔ دوسرے مرحلے میں مزید 25 ہزار خصوصی افراد کو 10,500 روپے کی مالی امداد بائیو میٹرک تصدیق کے بعد سوشل ویلفیئر کیمپ سائٹس پر فراہم کی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ہمت کارڈ پروگرام ان کی معاشی خودمختاری اور عزت نفس کی بحالی کی جانب اہم قدم ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر سکندر ذیشان نے کہا کہ ہمت کارڈ کی تقسیم اور رقم ادائیگی کے عمل کی نگرانی کے لیے ہیڈ آفس میں خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے۔