سینٹ قائمہ کمیٹی کی سب کمیٹی برائے پانی وبجلی کااجلاس

سینٹ قائمہ کمیٹی کی سب کمیٹی برائے پانی وبجلی کااجلاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر )سینٹ قائمہ کمیٹی کی سب کمیٹی برائے پانی وبجلی کااجلاس واپڈاریسٹ ہاؤس درگئی،ضلع ملاکنڈمیں سینیٹرنثارمحمد کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر احمد حسن، سینیٹر محمد ظفر اللہ خان، ممبر صوبائی محمد علی شاہ باچا، وزارت پانی وبجلی،این ٹی ڈی سی اورپیسکو کے حکام کے علاوہ ڈپٹی کمشنرملاکنڈبھی موجودتھے۔اس موقع پرچیف انجینئراین ٹی ڈی سی اورچیف ایگزیکٹیوآفیسرپیسکو سینٹ کمیٹی کو درگئی، بٹ خیلہ گرڈسٹیشن اورضلع ملاکنڈمیں زیرتعمیرفیڈرکے بارے میں مفصل بریفنگ دی۔اجلاس میں لوڈشیڈنگ،اوورلوڈنگ اورلائن لاسز بھی زیر بحث آئے۔سب کمیٹی کے کنوینیر سینیٹرنثارمحمدنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نامناسب لوڈشیڈنگ کوکم کرنے اوراوورلوڈنگ کے خاتمے کیلئے نظام وضع کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔اسی طرح بجلی کے مسائل کے حل کیلئے انہوں نے تعمیر،آپریشن اورجنریشن کے شعبوں میں تعاون کیلئے ہرعلاقے میں ایک افسرتعینات کرنے کی ہدایات دیں۔اسی طرح ٹرانسفارمرناکارہ ہونے کی صورت میں ہنگامی بنیادوں پر ٹرانسفارمرمہیاکرنے کے بھی ہدایات دیں۔بعدازاں کمیٹی نے زیرتعمیر200-KVچکدرہ گریڈسٹیشن کابھی دورہ کیااورگرڈسٹیشن کی تعمیری کام کومہمیزدینے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ گرڈسٹیشن کی تعمیر اورفعال ہونے سے ضلع ملاکنڈمیں اوورلوڈنگ ،لوڈشیڈنگ اورکم وولٹیج سمیت دیگرمسائل حل ہوجائیں گے۔قبل ازیں کمیٹی نے بجلی کے حوالے سے بلدیاتی نمائندوں کے مسائل سنیں اوران کے حل کیلئے یقین دہانی کرائی۔