کراچی: حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائیاں، 5 ملزمان گرفتار، کروڑوں روپے برآمد

کراچی: حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائیاں، 5 ملزمان گرفتار، کروڑوں روپے برآمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے حوالہ ہنڈی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ٹیموں نے حوالہ ہنڈی میں ملوث افراد کے خلاف کراچی کے مختلف علاقوں میں کی گئی 3 مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کرکے ڈھائی کروڑ روپے سے زائد کی کرنسی، پرائز بانڈز، چیکس، کمپیوٹرز اور موبائل فونز سمیت دیگر سامان بر آمد کرلیا۔ 
ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی نعمان صدیقی کے مطابق کارپوریٹ کرائم سرکل کے عملے نے شہید ملت روڈ پر ایک عمارت میں چھاپہ مار کر ٹریول ایجنسی کے مالک آصف اشرف اور حوالہ ڈیلر شایان واحد کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے 2 کروڑ 25 لاکھ روپے کیش، موبائل فون لیپ ٹاپ اور حوالہ ہنڈی کا ریکارڈ و دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
اس کے علاوہ گارڈن ویسٹ اور شرف آباد میں بھی چھاپے مارے گئے جہاں سے 117 دستخط شدہ چیکس، 61 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈ اور 47 لاکھ روپے کیش کے علاوہ حوالہ ہنڈی سے متعلق 2 لیپ ٹاپ 2 کمپیوٹرز 7 موبائل فون، رجسٹرڈ ضبط کئے گئے۔
 ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق ایک اور کارروائی میں محمد اویس، عقیل سمیر، جاوید نامی ملزمان کو گرفتار کیا گیا جو حوالہ ہنڈی کا سیٹ اپ چلانے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ 
ایف آئی اے حکام نے بتایاکہ ملزمان تھرڈ پارٹی کے ذریعے کاروبار کی ادائیگیاں، تصفیہ اور بے نامی کمپنی کے ذریعے کام کر رہے تھے۔