خواتین کو ہراساں کرکے رقوم بٹورنے کے الزام میں 3 ملزم گرفتار

خواتین کو ہراساں کرکے رقوم بٹورنے کے الزام میں 3 ملزم گرفتار
خواتین کو ہراساں کرکے رقوم بٹورنے کے الزام میں 3 ملزم گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ویب ڈیسک) خواتین کو ان کی تصاویر اور وڈیوز کے ذریعے ہراساں کرکے رقوم اینٹھنے والے3 ملزمان کو ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے اسلام آباد اور کراچی سے گرفتار کرلیا۔

"آج نیوز" کے مطابق  ایک چھاپہ مار کارروائی میں جنسی ہراسانی اور بلیک میلنگ میں ملوث ملزم فہد سعید کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم فہد سعید متاثرہ خاتون کو بلیک میل کرنے میں ملوث تھا۔ملزم نے متاثرہ خاتون کی ایڈٹ شدہ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور قابلِ اعتراض مواد متاثرہ خاتون کے رشتہ داروں کو بھی بھیجا۔

ملزم متاثرہ خاتون کو واٹس ایپ کے ذریعے دھمکانے میں بھی ملوث پایا گیا۔ چھاپہ مار کارروائی میں ملزم کے قبضے سے 4 موبائل فون، 2 لیپ ٹاپ کمپیوٹر، 1 سی پی یو اور دیگر شواہد تحویل میں لیے گئے۔ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ موبائل فون اور لیپ ٹاپ سے قابل اعتراض مواد برآمد ہوا ہے۔ ٹھوس شواہد کی روشنی میں ملزم کو قوانین کے تحت قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

ایک اور کیس میں ایف آئی اے سائبرکرائم رسکل نے مشتبہ ملزم محمد عامر کو ٹک ٹاک پر کراچی میں ایک خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

یہ کارروائی ایک جوڑے کی شکایت پر کی گئی جس نے الزام لگایا کہ محمد عامر خاتون کی نازیبا وڈیو کے ذریعے اُنہیں بلیک میل کر رہا ہے۔صفورہ کے علاقے سے گرفتار کیے جانے والے ملزم کے بارے میں شکایت تھی کہ وہ بلیک میلنگ کے ذریعے رقوم اینٹھتا رہا ہے۔

ایف آئی اے کرائم سرکل اسلام آباد نے ایک ملزم کو لیڈی ڈاکٹر کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے اور بیرونِ ملک ملازمت دلانے کے بہانے رقوم اینٹھنے کے الزام میں گرفتار کیا۔شکایت درج کرائی گئی تھی کہ لیڈی ڈاکٹر سے رقوم وصول کرنے کے بعد 3 ملزمان نے قابلِ اعتراض تصویریں واٹس ایپ گروپ میں شیئر کرکے خاتون کو ہراساں کیا اور اہلِ خانہ کی نظر میں اُس کی ساکھ خراب کی۔