سرگودھا میں عالمی معیار کے ٹراما سینٹر اور چکوال (منارہ) میں لیبر کالونی کیلیے اہم احکامات جاری

سرگودھا میں عالمی معیار کے ٹراما سینٹر اور چکوال (منارہ) میں لیبر کالونی ...
 سرگودھا میں عالمی معیار کے ٹراما سینٹر اور چکوال (منارہ) میں لیبر کالونی کیلیے اہم احکامات جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور  ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سرگودھا میں عالمی معیار کے  ٹراما سینٹر اور چکوال (منارہ) میں لیبر کالونی  کیلیے  اہم احکامات جاری کر دیئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ معدنیات میں سیکرٹری معدنیات پنجاب پرویز اقبال کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں کان کنوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مائنز لیبر ویلفیئر کمشنر پنجاب ریاض احمد چوہدری نے محکمانہ منصوبوں پر بریفنگ دی، جبکہ ڈپٹی کمشنر مائنز عبد الرشید اور ڈپٹی ڈائریکٹر ورکس انجینئر طارق حسن بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں چکوال میں مائنز لیبر ویلفیئر گرلز ہائی اسکول ڈنڈوٹ کی جدید ترین عمارت کے لیے ٹینڈر کی منظوری دی گئی ۔

سیکریٹری معدنیات نےتمام مائنز لیبر ویلفیئر سکولز میں فوری طور پر فلٹریشن پلانٹس نصب کرنے کا حکم دیا تاکہ طلباء کو صاف اور محفوظ پانی فراہم کیا جا سکے۔ ضلع اٹک میں 5 بستروں پر مشتمل اسپتال کے قیام کے لیے 10 کنال اراضی کے حصول کی ہدایات بھی کی گئیں۔ سیکریٹری معدنیات پرویز اقبال نے یہ بھی ہدایات جاری کیں کہ ضلع چکوال (منارہ) میں لیبر کالونی کے قیام کے لیے 100 کنال اراضی کی منتقلی کے عمل کو تیز کیا جائے اور ضلع سرگودھا میں عالمی معیار کا ٹراما سینٹر قائم کرنےکے لیے معروف فرموں سےفزیبلٹی اسٹڈی بھی کرائی جائے۔  راجن پور میں گرلز ہائی سکول کے قیام کے لیے مائنز کمشنر پنجاب کو موقع پر جا کر جائزہ لینے اور رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری معدنیات پرویز اقبال نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور کان کنوں کے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یہ اقدامات پنجاب حکومت کی مائنز لیبر کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے عزم کا مظہر ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے کانکنوں اور ان کے اہل خانہ کو جدید تعلیمی، طبی اور رہائشی سہولیات میسر آئیں گی۔