دوسرا ون ڈے، پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی
ایڈیلیڈ (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے آسٹریلیا کو ایڈیلیڈ میں ہونے والے دوسرے ون ڈے میں 9 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے تین میچز کی سیریز1-1 سے برابر کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 164 رنز کا ہدف 26.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر عبور کر لیا جس میں اوپنر صائم ایوب کا کردار نہایت اہم رہا جنہوں نے 82 رنز کی اننگ کھیلی تاہم وہ سینچری بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے ۔عبداللہ شفیق 64 رنز اور بابراعظم 15 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز جیک فریسر مک گرج اور میتھیو شارٹ نے کیا لیکن دونوں کھلاڑیوں کو شاہین شاہ آفریدی نے آغاز میں ہی پویلین لوٹا دیا۔جوش انگلس 18رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 87رنز پر گری، مارنس لیبوشن 6رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اسٹیو اسمتھ تھے جو 35رنز بنا کر 101کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ 121رنز پرگر گئی ،ایرون ہارڈی 14بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔گلین میکسویل 16 اور مچل سٹارک ایک سکور بنا کر پولین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد حارث نے 8 اوورز میں 29 رنز دیتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 8 اوورز میں 26 رنز دیتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ان کے علاوہ محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
محمد رضوان کا کہنا تھا آسٹریلیا کے خلاف پہلا ون ڈے کھیلنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا ہے اور پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی پہلے بولنگ ہی کرتے، ہم نے بھی اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور پہلا ون ڈے جیتنے والی ٹیم کو برقرار رکھا ہے۔
یاد رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔