قدرتی آفات سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کو بہتر اور ریسکیو سروسزکو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے: مریم نواز
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قدرتی آفات سے آگاہی کے قومی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بہتر منصوبہ بندی اور آگاہی سے قدرتی آفات کے نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے احتیاط، آگاہی اور پیش بندی مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ قدرتی آفات کے تباہ کن اثرات کم کرنے کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے خطرے کے پیش نظر ارلی وارننگ سسٹم کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ قدرتی آفات سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کو بہتر اور ریسکیو سروسزکو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہر فرد کو قدرتی آفات کے دوران محفوظ رکھنا اور مشکلات کے وقت ریسکیو کو یقینی بنانا ہے۔ قدرتی آفات کے خطرات سے بچاؤ کی عوامی آگاہی ضروری امر ہے۔ زندگی کے تحفظ کے لیے بروقت حفاظتی تدابیر اپنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اللہ تعالیٰ سب کو ہر طرح کی آفات سے محفوظ رکھے۔