بانی پی ٹی آئی کو این آر او نہیں ملے گا،عظمیٰ بخاری
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی کو این آر او نہیں ملے گا، بانی پی ٹی آئی نے جلسے جلسوں سے نہیں عدالتی فیصلوں سے باہر آنا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کاکہناتھا کہ اللہ جانے آج جلسے میں شرکت کرنے کا کیا ریٹ ہوگا،خیبرپختونخوا کی بدقسمتی ہے کہ علی امین گنڈاپور ان کو ملے ہیں،ان کاکہناتھا کہ اسلام آباد میں تماشہ لگانے کی کیا ضرورت ہے،جلسے میں اکٹھے ہوں گے، میوزیکل کنسرٹ ہوگا اور گھر چلے جائیں گے، اگر یہ تماشے اور ڈرامے کرنے ہیں تو کے پی میں ہی کر لو۔
وزیراطلاعات پنجاب نے کہاکہ یہ حقیقی آزادی کی بات کرتے ہیں، کس سے چاہئے آپ کو حقیقی آزادی، موصوف تاریخ کے انوکھے سیاستدان ہیں، امریکا کے پاؤں پڑ رہے ہیں، اسٹیبلشمنٹ سے بھی آپ کو بات کرنی ہے، ان کاکہناتھا کہ بانی پی ٹی آئی کو این آر او نہیں ملے گا، زمان پارک لاہور میں پیٹرول بم بنوائے گئے، طالبان کے مشہور آدمی اقبال خان کو بانی پی ٹی آئی کی حفاظت کرتے دیکھا گیا، نہیں معلوم آج خیبرپختونخوا سے کتنے اقبال خان اسلا م آباد آئیں گے، صوبائی وزیر نے کہاکہ انہوں نے خیبرپختونخوا کو مثالی صوبہ بناناتھا، مقروض کردیا، آپ نے خیبرپختونخوا کے بچوں کو تو گالم گلوچ سکھا دی ہے، خیبرپختونخوا کے بچوں کے ہاتھ میں کلاشنکوف نہیں قلم ہونا چاہئے، خیبرپختونخوا کے بچوں کو بھی تعلیم اور صحت جیسی سہولیات ملنی چاہئیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے جلسے جلسوں سے نہیں عدالتی فیصلوں سے باہر آنا ہے،9مئی کو شہدا کے مجسموں کو شہید کیا گیا، 9مئی کو فوجی تنصیبات کو جلایا گیا، 9مئی کرنے اور کرانے والوں کو جواب دینا ہوگا، مسلم لیگ ن کی حکومت میں جلد بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔