عطا تارڑ نے وفاق کا وائٹ پیپر خیبرپختونخوا کے کھاتے میں ڈال دیا: بیرسٹر سیف

عطا تارڑ نے وفاق کا وائٹ پیپر خیبرپختونخوا کے کھاتے میں ڈال دیا: بیرسٹر سیف
عطا تارڑ نے وفاق کا وائٹ پیپر خیبرپختونخوا کے کھاتے میں ڈال دیا: بیرسٹر سیف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عطا تارڑ نے وفاقی حکومت کا وائٹ پیپر کاپی کر کے خیبر پختونخوا کے کھاتے میں ڈال دیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے عطا تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عطا تارڑ ہر روز کوئی نہ کوئی ایسی بات کر جاتے ہیں جس سے ان کی نااہلی عیاں ہو جاتی ہیں، کل خیبرپختونخوا کی معیشت پر بات کر کے بڑے بڑے معیشت دانوں کی ہنسی نکال دی۔
ان کا کہنا تھا کہ عطا تارڑ نے وفاق کا وائٹ پیپر کاپی کر کے خیبر پختونخوا کے کھاتے میں ڈال دیا ہے، خیبرپختونخوا کے قرضے وفاق کے مقابلے میں اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر بھی نہیں، خیبرپختونخوا کا کل قرضہ 725 ارب روپے ہے جبکہ وفاق ہر مہینے اتنا ہی قرض لیتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ شہباز شریف کے صرف دو سالہ اقتدار میں پاکستان کا قرضہ 27 ہزار ارب روپے بڑھا، خیبرپختونخوا کا قرض بھی وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بڑھا ہے۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ موجودہ وفاقی حکومت کے دور حکومت میں روپے کی قدر کم اور فارن کرنسی کی قدر بڑھی ہے، اس وجہ سے تقریباً ساڑھے 3 سو ارب روپے قرضہ بڑھا ہے ورنہ صوبے کا ٹوٹل قرضہ آج 400 ارب روپے ہوتا۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ گزشتہ نو مہینوں میں صحت کارڈ پر 7 لاکھ 80 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج ہو چکا ہے، یونیورسٹیوں کا چانسلر وزیر اعلیٰ کو اس لئے بنایا ہے کہ گورنر وائس چانسلرز کی تعیناتی میں روڑے اٹکا رہے تھے، گزشتہ نگرا ن حکومت نے سوشل میڈیا کے حوالے سے بہت کوشش کی مگر کچھ ہاتھ نہیں آیا تھا۔