پاکستان کی مسلح افواج نے ہر دور میں ملکی خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع کیلئے بے مثال جرأت و قربانی کی تاریخ رقم کی ، قونصل جنرل پاکستان خالد مجید

پاکستان کی مسلح افواج نے ہر دور میں ملکی خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع کیلئے ...
 پاکستان کی مسلح افواج نے ہر دور میں ملکی خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع کیلئے بے مثال جرأت و قربانی کی تاریخ رقم کی ، قونصل جنرل پاکستان خالد مجید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جدہ (محمد اکرم اسد)  قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہر دور میں ملکی خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع کے لیے بے مثال جرأت و قربانی کی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لازوال قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں وہ یہاں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان جدہ میں یومِ دفاع پاکستان کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔ تقریب کا مقصد مادرِ وطن اور اس کے بہادر دفاعی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور 6 ستمبر 1965 کی جنگ میں دی جانے والی لازوال قربانیوں کو یاد کرنا تھا۔
خالد مجید نے مزید کہا کہ اس برس یومِ دفاع ایسے موقع پر آیا ہے جب ملک شدید سیلابی تباہ کاریوں سے دوچار ہے، لہٰذا پوری قوم کو اتحاد، یکجہتی اور خدمتِ وطن کے جذبے سے آگے بڑھنا ہوگا۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی جدہ، مسعود پوری نے اپنے خطاب میں افواجِ پاکستان کی تاریخی فتوحات اور حالیہ آپریشن “معرکۂ حق – بیان المرسوس” میں حاصل کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور موجودہ سیلابی حالات میں بھی قوم کو وطن کی مدد کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔

اس موقع پر پاکستان انٹرنیشنل اسکولز کے طلباء نے وطن کے جذبے سے سرشار تقاریر پیش کیں۔ طلباء نے دفاعِ وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ وہ بھی ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

تقریب کا اختتام پاکستان، کشمیر اور فلسطین کے شہداء کے درجات کی بلندی اور امتِ مسلمہ کی سلامتی و خوشحالی کے لیے قاری محمد آصف نےاجتماعی دعا پر اختتام کیا۔