ترقی کے زیرالتواء کیس نبٹانے کا حکم
خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت نے ملازمین کی ترقی کے معاملات میں غیر ضروری تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کا حکم جاری کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے جاری حکم نامے میں تمام ہسپتالوں، میڈیکل کالجوں اور صحت سے متعلقہ دیگر اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے ملازمین کی ترقی کے معاملات فوری طور پر نبٹاتے ہوئے 11 اپریل تک ہدف مکمل کریں۔ واضح رہے کہ محکمہ صحت کے ہزاروں ملازمین نے شکایت کی تھی کہ اُن کی ترقی کے کیس طویل عرصے سے تاخیر کا شکار چلے آ رہے ہیں کیونکہ متعلقہ حکام فائلیں سردخانے کی نذر کر رہے ہیں۔ ضرورت اِس اَمر کی ہے کہ صوبائی حکومت ملازمین کی ترقی وقت پر کرنے کا ایسا خود کار نظام وضع کرے کہ جس کے ذریعے کسی ایک محکمے کی ہی نہیں بلکہ ہر سرکاری ملازم کی ترقی شفاف طریقے سے اپنے وقت پر ہو جائے، یہ نظام کسی ایک صوبے میں نہیں بلکہ تمام صوبوں اور وفاق کی سطح پر ایسے ہی ہونا چاہئے۔
٭٭٭٭٭