نیوزی لینڈ کو شکست دے کر انڈیا کرکٹ کا چیمپین بن گیا

نیوزی لینڈ کو شکست دے کر انڈیا کرکٹ کا چیمپین بن گیا
نیوزی لینڈ کو شکست دے کر انڈیا کرکٹ کا چیمپین بن گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جانے والی چیمپینز ٹرافی 2025 کے فائنل میچ میں انڈیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ بھارتی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو بڑے مقابلے میں چار وکٹوں سے شکست دی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے دیا گیا 252 رنز کا ہدف انڈین ٹیم نے 49 اوورز میں چھ گیندیں پہلے ہی حاصل کرلیا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے دیے گئے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھارتی کپتان نے کیپٹن اننگز کھیلی اور 76 رنز بنائے۔ دوسرے اوپنر شبمن گل نے 31 جب کہ شریاس ایر نے 48 رنز  سکور کیے۔ ویرات کوہلی اس میچ میں ناکام ثابت ہوئے اور صرف ایک ہی رن بنا سکے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ  نے بھارت کو جیت کیلئے 252 رنز کا ہدف دیا تھا۔ کیوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔ خیال رہے کہ بھارتی ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کی وجہ سے ایونٹ کا یہ آخری میچ دبئی میں کھیلا گیا تھا۔ فائنل مقابلے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کیوی ٹیم شروع سے ہی بڑے مقابلے کے بھرپور دباؤ میں نظر آئی اور اس کے اہم ترین کھلاڑی غلط شاٹس کھیلتے رہے۔ راچن رویندرا کو کئی چانسز ملے لیکن پھر بھی وہ کوئی اس سے کوئی فائدہ نہ اٹھا سکے۔  انہوں نے صرف 37 رنز بنائے۔ چار عظیم ترین کھلاڑیوں میں شامل کین ولیمسن صرف ہی 11 رنز بنا پائے۔ کیوی ٹیم کی طرف سے ڈیرل مچل اور مائیکل بریس ویل نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ انہوں نے بالترتیب 63 اور 53 رنز بنائے۔ بھارت کی طرف سے ورن چکروتی اور کلدیپ یادیو نے دو ، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد شامی  اور رویندرا جدیجہ نے ایک ایک شکار کیا۔

خیال رہے کہ 25سال بعد نیوزی لینڈ اور بھارت چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں آمنے سامنے آئے تھے۔دونوں ٹیموں نے بڑے میچ سے قبل دبئی سٹیڈیم میں جم کر ٹریننگ بھی کی۔ نیوزی لینڈ نے2000 میں چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو شکست دی تھی، 2002 میں ہونیوالی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت اور سری لنکا کو مشترکہ چیمپئن قرار دیا گیا تھا جس کے بعد بھارت نے 2013 میں انگلینڈ کو شکست دے کریہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جبکہ 2017 کے فائنل میں بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں 180 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ بد قسمتی سے دفاعی چیمپین گرین شرٹس گروپ مرحلے میں ہی ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ پاکستانی ٹیم نے کوئی بھی میچ نہیں جیتا اور سب سے پہلے ایونٹ سے باہر ہونے والی ٹیم بنی۔