وزیر اعلیٰ مریم نواز کا جناح ہاؤس اورجناح گیلری کا دورہ، شہدا ءکی فیملیز سے ملاقات ،میڈیا سے کیا کہا ؟ جانیے

وزیر اعلیٰ مریم نواز کا جناح ہاؤس اورجناح گیلری کا دورہ، شہدا ءکی فیملیز سے ...
وزیر اعلیٰ مریم نواز کا جناح ہاؤس اورجناح گیلری کا دورہ، شہدا ءکی فیملیز سے ملاقات ،میڈیا سے کیا کہا ؟ جانیے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نئی تعمیر کردہ جناح گیلری کا دورہ کیا۔ڈائریکٹر جناح گیلری، بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر عدنان سلیم نے وزیر اعلیٰ  کو جناح گیلری کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اوربتایا کہ جناح گیلری میں برصغیر میں اسلام کی آمد سے لے کر دو قومی نظریہ کی ترویج، تحریک پاکستان سے قیام پاکستان تک کے کٹھن مراحل اور قائد اعظم کی زندگی کے مختلف ادوار کی تصویری اور تحریری عکاسی کی گئی۔ یہ گیلری اپنی طرز کی پہلی عمارت ہے جہاں ایسے جامع انداز میں قائداعظم کی حیات اور تحریک پاکستان کو خوبصورتی سے محفوظ کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ  نے جناح گیلری میں قائداعظم کا پاسپورٹ اوردیگر دستاویزات بھی دیکھیں۔وزیر اعلیٰ  نے جناح گیلری میں قائم لائبریری کا بھی دورہ کیا۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ جناح ہاؤس پہنچیں، جہاں انہیں بریفنگ دی گئی ۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے  گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ پاک فوج کے صبر و تحمل کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاسی دہشت گردوں نے وحشیانہ تخریب کاری کر کے قوم کا سر شرم سے جھکا دیا۔ سانحہ 9 مئی کے قومی مجرموں کو عبرت ناک سزائیں ملنی چاہئیں۔شہدائے وطن کی یادگاروں کی پامالی ہر محب وطن پاکستانی کے لیے ناقابل برداشت ہے۔

وزیراعلیٰ نے کیپٹن سلمان سرور شہید، قاضی جواد اکرم شہید، کیپٹن ضرغام فرید شہید، لفیٹننٹ سلمان کے والدین سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے شہید کی والدہ کو گلے لگا لیا۔وزیراعلیٰ نے غازی کرنل رضا زیدی سے بھی بات چیت کی۔جناح ہاؤس میں موجود لوگوں کے پاکستان زندہ باد، قائداعظم زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔وزیراعلیٰ  نے شہداء کی یاد میں شمع روشن کی اور احتراماً خاموشی اختیار کی۔

بعدازاں وزیر اعلیٰ مریم نوازنے جناح ہاؤس میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آج ہم جس جگہ پر کھڑے ہیں اسے جناح ہاؤس کہتے ہیں،جوقائداعظم محمد علی جناحؒ کی یادوں سے منسوب ہے۔قائداعظمؒ کی کاوشوں کی بدولت ہم آزاد ہوا میں سانس لے رہے ہیں۔پچھلے سال 9مئی کو اسی جناح ہاؤس پر حملہ کیاگیا،جو تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔وطن سے محبت کرنے والے ایسے گھناؤنے حملے کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔کہتے ہیں دہشت گردوں کے سینوں میں دل نہیں ہوتا،جناح ہاؤس کی حالت کو دیکھ کرمحسوس ہوا یہ سچ ہے۔جناح ہاؤس اوردیگر تنصیبات پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے سینے میں واقع دل نہیں ہے۔ایسی مذموم حرکت کرنے والے کسی بھی طرح سیاسی لوگ نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد جماعت نے منظم طریقے سے 9مئی کو دہشت گردی کی۔دہشت گرد جماعت کی ذہنیت ہے کہ جو چیز جمہوری عمل سے نہ مل پائے،اسے دہشت گردی کے ذریعے حاصل کیا جائے۔عدلیہ اورمیڈیا سے سوال ہے کہ9مئی کے دہشت گردوں کو اب تک سزا کیوں نہیں ملی؟۔جنہوں نے 9مئی کو دفاعی تنصیبات اورشہداء کی یادگاروں پر حملہ کیا،ان کو ضمانت کیسے مل جاتی ہے۔مجھے سے کہا جاتا ہے کہ 9مئی میں ملوث خواتین کو کیوں نہیں چھوڑتی،ملک سے ایسی گھناؤنی حرکت کرنیوالوں کو چھوڑنے والی میں کون ہوتی ہوں۔ 9مئی کے دہشت گردوں نے آج تک شہداء کی فیملیز سے معافی نہیں مانگی۔9مئی کے دہشت گردوں نے جو بویا وہی کاٹ رہے ہیں،ان کوسزا مل کررہے گی۔ پاک فوج نے محمد علی جناحؒ کی یاد میں گیلری بنائی،اس پر ان کا پوری قوم کی طرف سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔اللہ تعالیٰ شہیدوں کے درجات بلند کرے۔اللہ تعالیٰ شہداء کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ سینیٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری،چیف سیکرٹری،سی سی پی او اور دیگر بھی  اس موقع پرموجود تھے۔