جب عمران نے باہر آنا ہوا تو فجر کے وقت جیل کا دروازہ کھل جائے گا: علیمہ خان
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ جب عمران خان نے باہر آنا ہوا تو ان شاءاللہ فجر کے وقت جیل کا دروازہ کھل جائے گا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اراکین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ٹوئٹ کیا ہے شاید اس لئے مذاکرات بند ہو جائیں، جب یہ کچھ کرنا چاہتے ہیں تو صبح 7 بجے جیل بھی کھل جاتی ہے، جب یہ کچھ کرنا چاہتے ہیں تو رات کو بھی ملاقات ہو جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی نے باہر آنا ہوا تو ان شاءاللہ فجر کے وقت جیل کا دروازہ کھل جائے گا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کے حوالے سے جیل حکام نے صبح ہی منع کر دیا تھا۔
علیمہ خان نے کہاکہ القادر کیس ہائیکورٹ میں جائے گا تو ساری دنیا کو پتا چلے گا کہ یہ کتنا بڑا مذاق ہے، بشریٰ بی بی نے پچھلی سماعت پر بتایا تھا کہ وہ اگلی سماعت میں نہیں آئیں گی، بانی پی ٹی آئی ان کیسوں سے بری ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے دن سے عمران خان کہہ رہے ہیں کہ سب کیسز سے بری ہو کر نکلوں گا ، وہ آج بھی اپنی بات پر قائم ہیں کہ اپنے کیسز کا سامنا کروں گا ، انہوں نے سلمان اکرم راجہ کو مقرر کیا ہے، انہوں نے وہی کہنا ہے جو عمران خان کہیں گے، پارٹی 8 فروری سے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی کے قبضے میں نہیں ہے۔