حکومت جاپان کی خصوصی بچوں کیلئے جدید بس کی فراہمی
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) حکومت جاپان نے اپنی معاوناتی اسکیم برائے انسانی تحفظ (GGP) کے تحت کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کے خصوصی بچوں کی نقل و حمل کی آسانی کے لیے 60,975 امریکی ڈالرز مالیت کی ایک جدید بس فراہم کی ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر میں منعقد کی گئی جس میں کراچی میں تعینات جاپانی قونصل جنرل توشیکازو اسومورا، کے وی ٹی سی کے صدر ڈاکٹر اختر عزیز خان اور سی ای او سینیٹر عبدالحسیب خان نے بھی شرکت کی۔ کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر خصوصی بچوں کی تھراپی کے لیے بنایا گیا ایک ادارہ ہے جس کا مقصد جس کا مقصد زندگی میں مشکلات کا سامنا کرنے والے ان افراد کی صلاحیتوں کو بہتر بنا کر ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ جاپان کی جانب سے دی جانے والی اس امداد کا مقصد شہر کراچی کی سفر کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے جہاں ہر سال ہزاروں افراد نقل و حمل کی ناقص سہولیات کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس موقع پر جاپانی قونصل جنرل توشیکازواسومورانے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نقل و حمل کے زمرے میں انسانی تحفظ ایک بنیادی ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے کراچی جیسے تیز رفتار شہر میں طالب علموں کے تحفظ کے لیے عوامی شعور بیدار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سفر کی ناقص سہولیات کے باعث اکثر اوقات طالب علموں کا تحفظ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ کراچی ووکیشنل ٹریننگ کے صدر ڈاکٹر اختر عزیز نے جاپانی عوام اور قونصل جنرل کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ بس طالب علموں کے تعلیمی سفر کو بہتر انداز سے طے کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ سینیٹر عبدالحسیب خان کے وی ٹی سی کے سی ای او نے تمام اسٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ان سب کی محنت کا نتیجہ ہے کہ جاپان کے لوگوں نے کے وی ٹی سی پر اعتبار کیا۔ جی جی پی اسکیم جاپانی حکومت اور عوام کی جانب سے فراہم کی جانے والی وہ امداد ہے جس کا مقصد بنیادی ضروریات کی فراہمی ہے۔ یہ امداد پاک جاپان تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ۹۸۹۱ سے اب تک جاپان اپنی معاوناتی اسکیم برائے انسانی تحفظ کے تحت پاکستان میں ۲۹۳منصوبوں میں امداد فراہم کر چکا ہے۔