پاکستان میں کورونا کے کیسز میں اضافہ، ایک روز میں 14 افراد جاں بحق، امریکہ میں ہلاکتیں 20 ہزار سے بڑھ گئیں

پاکستان میں کورونا کے کیسز میں اضافہ، ایک روز میں 14 افراد جاں بحق، امریکہ میں ...
پاکستان میں کورونا کے کیسز میں اضافہ، ایک روز میں 14 افراد جاں بحق، امریکہ میں ہلاکتیں 20 ہزار سے بڑھ گئیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ کر 5011ہوگئے ہیں جبکہ دنیا بھر میں کورونا کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 223نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 5011ہوگئی ہے ۔ پاکستان میں کورونا کے باعث 14 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد اس وبا کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 86ہوگئی ہے۔اب تک 762 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 50 افراد تشویشناک حالت میں ہیں۔ پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2457 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد کورونا کی مجموعی ٹیسٹنگ کی تعداد 57 ہزار 836 ہوگئی ہے۔

صوبوں کی صورتحال

پاکستان میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز پنجاب سے سامنے آرہے ہیں جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 2414 ہوگئی ہے۔ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1318 ، خیبر پختونخوا میں 697، بلوچستان میں 220، گلگت بلتستان میں 2115، اسلام آباد میں 113 اور آزاد جموں و کشمیر میں 34 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

دنیا کی صورتحال

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 17 لاکھ 65ہزار 500ہوچکی ہے۔  کورونا کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد نے ایک لاکھ کا سنگ میل عبور کرلیا۔ دنیا بھر میں اس وبا نے ایک لاکھ 8 ہزار 42 زندگیاں نگل لی ہیں۔ 4 لاکھ 708 افراد ایسے ہیں جو اس وبا سے صحتیاب ہوئے ہیں۔

دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ امریکہ متاثر ہوا ہے جہاں مریضوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 24  ہزار 242ہوگئی ہے۔ہفتے کے روز امریکہ میں کورونا وائرس کے باعث 1476 زندگیوں کے چراغ گل ہوئے ہیں اور یہ اٹلی کو پیچھے چھوڑ کر ہلاکتوں کے اعتبار سے سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔ امریکہ میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 20 ہزار223 ہوچکی ہے۔

کورونا کے کیسزکے اعتبار سے سپین دوسرے نمبر پر ہےجہاں اب تک ایک لاکھ 61 ہزار 852 لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔  سپین میں کورونا وائرس 16 ہزار 480زندگیوں کے چراغ گل کرچکا ہے، ہلاکتوں کے اعتبار سے  سپین تیسرے نمبر پر ہے۔

یورپی ملک اٹلی کورنا کے مثبت کیسز کے اعتبار سے تیسرے اور ہلاکتوں کے حساب سے دوسرے نمبر پر ہے۔ یہاں ایک لاکھ 52ہزار 271 لوگوں میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے  تاہم یہاں 19 ہزار 468لوگ کورونا کے ہاتھوں اپنی زندگیاں گنوا چکے ہیں۔

مسلم امہ کی صورتحال

امت مسلمہ میں ایران کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں کورونا کے 70 ہزار 29 کیسز اور 4 ہزار 357 ہلاکتیں ریکارڈ ہوئی ہیں۔ ایران دنیا میں کورونا سے متاثر ہونے والا آٹھواں بڑا ملک ہے۔ دنیا میں نویں اور مسلمان ممالک میں دوسرے نمبر پر ترکی ہے جہاں 52ہزار 467لوگوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور یہاں 1101 لوگ کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہارے ہیں۔

مسلمان ممالک میں کورونا سے متاثرہ ممالک میں پاکستان تیسرے، ملائیشیا چوتھے، سعودی عرب پانچویں، اندو نیشیا چھٹے، متحدہ عرب امارات ساتویں، قطر آٹھویں،مصر نویں اورالجیریا دسویں نمبر پرہے۔

پی پی چیئرمین کی وفاق پر تنقید

سکائی نیوز کو انٹرویو کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ عالمگیر وبا کورونا پر قابو پانے کے لیے وفاقی حکومت کو مشترکہ کاوشوں کی پیشکش کی لیکن وفاقی حکومت اس معاملے پر سست روی سے کام کر رہی ہے۔

تفتان سے نئے قافلے کی  روانگی

ایران سے ملک بدر کیے گئے افراد اور زائرین پر مشتمل 140 افراد پر مبنی قافلے اپنے علاقوں کو روانہ کردیے گئے ہیں۔مقامی انتظامیہ کے مطابق تفتان سے روانہ کئے گئے افراد میں 77 کا تعلق پنجاب سے ہے، 38 کا خیبر پختونخوا جبکہ 25 افراد کا تعلق سندھ سے ہے۔

احساس پروگرام میں کرپشن

احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں رقوم کی تقسیم کے دوران کرپشن کا انکشاف  ہوا ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے مطابق کرپشن کرنے والے 40 اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں کی جاچکی ہیں۔

کراچی کی 11 یونین کونسلز میں لاک ڈاؤن

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ضلع شرقی کی 11 یونین کونسلز کو مکمل طور پر سیل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر شرقی کے مطابق ان 11 یوسیز میں نہ جانے کی اجازت ہوگی نہ ہی وہاں سے کوئی باہر آسکے گا۔

ٹائیگر فورس کے خاتمے کا مطالبہ

مسلم لیگ ن کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کورونا ریلیف پروگرام کے تحت قائم کی گئی ٹائیگر فورس کا سیاسی تماشہ ختم کیا جائے۔