صحافیوں کے مثبت کردار کو نہ صرف تسلیم کرتے ہیں بلکہ انکے ساتھ کھڑے ہیں:علی امین گنڈا پور

سوات(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے، صحافیوں کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ سوات کے صحافیوں نے ہر مشکل وقت میں قوم کی رہنمائی کی ہے، اور ہم ان کے مثبت کردار کو نہ صرف تسلیم کرتے ہیں بلکہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پشاور میں سوات پریس کلب کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
وفد کی قیادت سوات پریس کلب کے صدر نیاز احمد خان نے کی، جبکہ سید شہاب الدین صدر یونین آف جرنلسٹس سوات، شفیع اللہ جنرل سیکرٹری سوات پریس کلب اور فضل رحیم خان سینئر رکن گورننگ باڈی بھی شریک تھے۔ ملاقات میں صوبائی وزیر لائیو سٹاک،فشریز اور کوآپریٹو فضل حکیم خان یوسفزئی بھی موجود تھے۔
وفد نے صحافیوں کو درپیش مسائل اور صحافیوں کے حقوق سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور جدید سہولیات کی فراہمی، صحافتی ویلفیئر فنڈ کے قیام اور سرکاری اشتہارات کی شفاف تقسیم جیسے اہم نکات اٹھائے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام نکات غور سے سنے اور کہا کہ ہم صحافی برادری کے شانہ بشانہ ہیں، آپ کی تجاویز اور مطالبات پر فوری عمل ہوگا۔ پریس کلب کی تعمیر و ترقی کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے کہا کہ سوات کے صحافیوں نے ہمیشہ مثبت صحافت کو فروغ دیا ہے۔ ان کا کردار امن، ترقی اور عوامی آواز کو اجاگر کرنے میں قابل تحسین ہے، اور حکومت ان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔