اپنا ٹریکٹر بیچ کر پاک بھارت میچ دیکھنے جانیوالا نوجوان پاکستانی ٹیم پر برس پڑا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی شہر نیویارک میں پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے کے لیے اپنا ٹریکٹر بیچنے والا نوجوان پاکستان کرکٹ ٹیم پر برس پڑا۔ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق ٹی 20ورلڈ کپ 2024ء میں پاک بھارت ٹاکرا 9جون کو ہوا، جس میں پاکستانی ٹیم ایک انتہائی آسان میچ انتہائی آسانی کے ساتھ ہار گئی۔
پاکستانی بائولرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کو 119رنز تک محدود کر دیا مگر پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور اتنا سا ٹارگٹ بھی پورا نہ کر سکی اور بھارت یہ میچ 6رنز سے جیت گیا۔ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس دل گرفتہ پاکستانی نوجوان نے کہا کہ اس نے یہ میچ دیکھنے کے لیے اپنا ٹریکٹر تک بیچ ڈالا مگر پاکستانی ٹیم نے اسے سخت مایوس کیا۔
نوجوان کہتا ہے کہ پاکستانی ٹیم اس سے بہت بہتر کارکردگی دکھا سکتی تھی۔ یہ میچ پاکستان کے ہاتھوں میں تھا اور لگ رہا تھا کہ ہم یہ میچ جیت جائیں گے مگر پاکستانی ٹیم یہ میچ بھی ہار گئی۔اخبار کے مطابق نوجوان نے 3ہزار ڈالر کا ٹکٹ خریدنے کے لیے اپنا ٹریکٹر فروخت کر دیا تھا۔