زمبابوے سے ٹیسٹ سیریز کی جیت

زمبابوے سے ٹیسٹ سیریز کی جیت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی۔20سیریز 2-1سے جیتنے کے بعد اب دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز 2-0سے جیت کر زمبابوے کو وائٹ واش کر دیا۔ ہمارے شاہین حیران کرنے کی اہلیت سے مالامال ہیں۔ ٹی 20 سیریز مشکل سے جیتی، لیکن ٹیسٹ سیریز کے دونوں میچوں میں زمبابوے کو ایک ایک اننگز کے فرق سے ہرایا، پہلا ٹیسٹ صرف تین دنوں میں جیتا، دوسرے کے لئے چوتھے روز پانچ اوور کھیلنا پڑے کہ زمبابوے کی ایک وکٹ باقی تھی کہ تیسرے روز والے کھیل کے اوور پورے ہو گئے، آخری میچ کی پہلی اننگ میں حسن علی نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دوسری اننگ میں شاہین شاہ آفریدی اور نعمان نے پانچ پانچ کھلاڑی آؤٹ کئے۔ حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کے یہ سپیل قابل تعریف ہیں کہ ان میں باؤلنگ کی ورائٹی شامل تھی۔ دونوں کھلاڑیوں نے بلاک ہول اور یارکر بھی خوبصورتی سے کئے۔ نعمان کو ٹیسٹ کیپ وہ خوش قسمت رہے کہ نہ صرف 93رنز کی اننگ کھیلی اور عابد علی کے ساتھ مل کر سکور5سو سے زیادہ پہنچا دیا، وہ خود اپنی کوتاہی یا لاپرواہی سے سٹمپ ہوئے ورنہ وہ بھی سو کر لیتے، نئے فاسٹ باؤلر تابش خان پہلی اننگ میں صرف ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہو سکے، اس میچ میں عابد علی اور اظہر علی نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ عابد علی نے ڈبل سنچری اور اظہر علی نے سینکڑہ مارا، بابر اعظم دونوں میچوں میں سکور نہ کر سکے، جبکہ فواد عالم نے پہلے میچ میں سنچری بنا کر کامیابی میں کردار ادا کیا، پاکستان کرکٹ ٹیم کی اس کارکردگی پر مبارکباد کہ کافی دیر بعد ایسا اچھا کھیل ہوا، تاہم اس دوران بعض کمزوریاں بھی سامنے آئیں۔ کیچ ڈراپ ہونے کا سلسلہ نہ رک سکا۔ فاسٹ باؤلروں کی کارکردگی بہتر رہی، تاہم ان کی بعض پہلوؤں سے تربیت ضروری ہے کہ وہ تیز گیند بازی کے ساتھ سوئنگ اور یارکر پر بھی توجہ دیں۔ ڈومیسٹک میں اچھی کارکردگی کی بناء پر تابش اور نعمان کو موقع ملا، نعمان بہتر باؤلنگ اور بیٹنگ کر گیا، تاہم باؤلنگ میں نکھار کی ضرورت باقی ہے۔تابش خان زور لگا کر رفتار بڑھانے کے باعث سیدھی باؤلنگ کرانے کی وجہ سے زیادہ کامیاب نہ ہوا، توقع ہے کہ سیریز کا مکمل تجزیہ کرکے خامیوں کو دور کیا جائے گا۔

مزید :

رائے -اداریہ -