190ملین پاؤنڈ ریفرنس ؛ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے سوالنامے کے جواب جمع نہیں کرائے،سماعت13نومبر تک ملتوی
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی نے سوالنامے کے جواب جمع نہیں کرائے، وکیل صفائی نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا پہلے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ کیا جائے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی،احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے سماعت کی،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی عدالت میں پیش ہوئے،ملزمان نے سوالنامے کے جواب جمع نہیں کرائے۔
وکیل صفائی نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا پہلے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ کیا جائے،عدالت نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا اس حوالے سے کوئی حکمنامہ موصول نہیں ہوا، نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ ملزمان عدالت میں موجود ہیں ان کے 342کے بیان ریکارڈ کئے جائیں،وکیل صفائی نے کہاکہ 79سوالات پر مشتمل سوالنامہ ہے، اس کیلئے وقت درکار ہے،342کے بیان کیلئے 14دن کا وقت دیا جائے،عدالت نے 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 13نومبر تک ملتوی کردی۔